Inquilab Logo Happiest Places to Work

جھوپڑپٹی بازآباد کاری اسکیم میں تیزی لانےکیلئے پالیسی میں ترمیمات کا اعلان

Updated: July 10, 2020, 9:28 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جھوپڑ پٹی بازآباد کاری اسکیم میں تیزی لانے کیلئے پالیسی میں ترمیمات کا وزیر ہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ کا اعلان ، مکینوں اور ڈیولپرس کو رعایتیں دی جائیں گی

Jitendra Awhad - Pic : INN
جتندر اوہاڑ ۔ تصویر : آئی این این

 ریاستی وزیر ہاؤسنگ وزیرجتیندر اوہاڑ نے جمعرات کو ممبئی میٹروپولیٹن ریجن (ایم ایم آر) کی  جھوپڑ پٹیوں کی بازآبادکاری اسکیم  میں  تیزی لانےکیلئے کئی رعایتیں دینے کااعلان کیا ۔ ان اعلانات میں پروجیکٹ کو ۳؍ سے ۷؍ دن میں منظوری دینے ، قرض حاصل کرنے میں تعاون  اور جھوپڑا واسیوں کا ہیلتھ کارڈ بنانا شامل ہے۔
 زوم ایپ پر ویڈیو پریس کانفرنس میں  جتیندر اوہاڑ نے کہاکہ ’’ ایس آر اے پروجیکٹوں کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے وزارت ہاؤسنگ نے متعدد ترمیمات کی ہیں۔ان میں ڈیولپرس کو ضروری منظوری ۳؍ سے ۷؍ دن میںدی جائے گی۔ اب تک ’لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) ملنے کے بعد ہی ’انٹی میشن آف اپروول(آئی او اے)کی درخواست دینا ہوتی تھی لیکن  اب یہ دونوں ایک ساتھ دیئے جاسکیں  گے اور کمنسمینٹ سرٹیفکیٹ(سی سی )بھی درخواست دینے کے ۷؍ دن کے اندر جاری کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی ایس آراے   پروجیکٹ میں ۷۰؍ فیصد مکینوں نے جگہ خالی کر دی ہے لیکن ۳۰؍ فیصد مکین اڑے ہوئےہوں گے تو انہیں ہٹانے کی ذمہ داری  ہاؤسنگ  ڈپارٹمنٹ کی ہو گی اور انہیں پولیس کی مدد سے ہٹایاجائے  گا  نیز ایسے پروجیکٹوں پر اسٹے بھی نہیں مل سکے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جھوپڑاواسیوں کا ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا جس سے ان کا علاج کرنے  میں آسان ہوگا۔ اس کے علاوہ ایس آر اے پروجیکٹ میں اب کلینک ، ڈسپنسری اور چھوٹا اسپتال بھی لازمی طور پرشامل کیا جائے گا۔‘‘جتیندراوہاڑ کے مطابق ڈیولپرس کو قرض لینے کیلئے سہولت مہیا کرائی جائے گی اور  وہ  ۷۰۰؍ تا ایک ہزار کروڑ روپے تک کا بینک لون لےسکیں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ’’کووڈ ۱۹؍ جھوپڑ پٹیوں میں تیزی سےپھیلی تھی اسی  لئے ہماری کوشش ہے کہ ممبئی کو جلد از جلد جھوپڑ پٹیوں سے پاک بنایا جائے۔‘‘
 جتیندر اوہاڑ کے مطابق  وزار ت ہاؤسنگ کی جانب سے تیار کی گئی سفارشات منظوری کیلئے آئندہ کابینہ کی میٹنگ میں پیش کی جائیں گی۔ دھاراوی کی باز آباد کاری کےتعلق سے وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ اس  کیلئے  ۵؍ لاکھ ۷؍ ہزار مکانات میں سے ۲؍ لاکھ مکانات تعمیر کئے جاچکے ہیں اور بقیہ تعمیر کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK