Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندھیری :سیٹھ ایم اے اسکول کیخلاف کانگریسی کارکنوں کا احتجاج

Updated: June 23, 2021, 7:56 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

مظاہرین کا انتظامیہ پر اسکول بند کرنےکا الزام ، کہا: نئے بچوں کوابتدائی جماعتوں میں داخلہ دینے سے روک دیا گیا اور اب اسے انٹرنیشنل اسکول بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔بے مدت دھرنے کا انتباہ۔عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ ایک وفد کی وزیر تعلیم سے ملاقات

A scene of protest by Congress workers and women outside Seth MA High School.Picture:Inquilab
سیٹھ ایم اے ہائی اسکول کے باہر کانگریس کے کارکنان اور خواتین کے احتجاج کا منظر۔ تصویر انقلاب

: یہاں سیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول کی  ابتدائی جماعتوں میں  بچوں کو داخلہ  نہ دینے  پر کانگریس کے کارکنوں نے اسکول کے باہر احتجاج کیا اور انتظامیہ پر اسکول بند کرنے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر اسکول کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں سے لے کر عدالت تک اس کے خلاف تحریک چلائی جائے گی  ۔ ایک  وفد نے ریاستی  وزیر تعلیم سے ملاقات کرکے  اسکول کو بند نہ کرنے کامطالبہ بھی کیا ۔ 
 اندھیری ریلوے اسٹیشن کے قریب مغربی جانب  بریج سے ملحق سیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول ۱۹۳۹ ء سےقائم ہے اور اس  میں پہلی تادسویں تک سیکڑوںبچے  زیر تعلیم ہیں ۔ سیٹھ ایم اے انگلش اسکول ( آئی سی ایس ای) ’ اندھیری ایجوکیشن سوسائٹی‘ کے زیر اہتمام جاری ہے ۔ اس اسکول میں اندھیری جوہو گلی اور اطراف کے زیادہ تر غریب بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان میں ۵۰؍ فیصد غریب مسلم طلبہ  ہیں۔ اسکول کے سامنے احتجاج کے دوران سابق کارپوریٹر محسن حیدر نے  اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس اسکول کو بند کرکے کلوانی منڈل ٹرسٹ کے حوالےکیا گیا ہے اور بہت مہنگا اسکول بنانے کی سازش کی گئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس سال سے اس اسکول  میں کے جی ، سینئرکے جی  اور پہلی جماعت میں بچوں کو داخلہ نہیں دیا جارہا ہے ۔  پرائمری اسکول میں  چوتھی سے پانچویں جماعت  میںداخلہ لینے کیلئے اسکول سے خارجہ سرٹیفکیٹ نہیں  دیا جارہا تھا لیکن احتجاج کی دھمکی ملنے پر پیر کی دوپہر کو خارجہ سرٹیفکیٹ دے کر پانچویں جماعت میں طلبہ کو داخلہ دینا شروع کردیا گیا ہے۔  
 اس سلسلے میں کارپوریٹر مہر محسن حیدر نے  دعویٰ کیاکہ احتجاج کے دوران ہی ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ نے بھی ملاقات کا وقت دیا تھا ۔ اس لئے ایک وفد منترالیہ میں ان سے بھی ملاقات کیلئے گیا تھا جہاں ریاستی محکمہ تعلیم کے افسران، میونسپل ایجوکیشن  افسران  اور سیٹھ ایم اے اسکول کی ذمہ دار مادھوری آہیرے کی موجودگی میں گفتگو ہوئی ۔ ورشا گائیکواڑ نے  افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی سنجیدہ  اور نازک معاملہ ہے ۔ اس لئےا س کی جانچ  کے بعد رپورٹ پیش کی جائے ۔اسکول انتظامیہ سے کہا کہ اسکول کسی بھی حالت میں بند نہیں ہونا چاہئے ۔ اس تعلق سے  ورشا گائیکواڑ سے کوشش کے باوجوداس نمائندے کی بات نہیں ہوسکی۔
  اسکول کے سامنے منگل کی صبح ساڑھے ۱۱؍بجے احتجاج کیا گیا  جس  کے دوران مظاہرین نے اسکول انتظامیہ  کے خلاف نعرے لگائے اور متنبہ کیا کہ اگر اسکول کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو  اسکول کے سامنے بے مدت دھرنا دیا جائے گا اور عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا ۔ احتجا ج میں برقع پوش خواتین بڑی تعدادمیں شامل تھیں جن کے ہاتھوں میں مختلف نعروں والے پلے کارڈز اور تختیاں تھیں۔ اس ضمن میں انقلاب نے اسکول   کے  ذمہ داران سے ملاقات کی کوشش کی لیکن اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ اسکول کے باہر پولیس کا سخت بندوبست بھی تھا ۔  

andheri Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK