EPAPER
Updated: August 09, 2021, 9:46 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Andheri
یہاں شیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول میں مقامی طلبہ کے داخلے کیلئےوالدین اورکانگریس کے کارکنان کے احتجاج کا اتوار کودسوا ں دن تھا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے اورنہ ہی داخلے کاآغاز کیا گیا ہے حالانکہ بی ایم سی ایجوکیشن محکمے کی جانب سے دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا ہے اوراس کی مدت بدھ کوختم ہوجائے گی۔
یہاں شیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول میں مقامی طلبہ کے داخلے کیلئےوالدین اورکانگریس کے کارکنان کے احتجاج کا اتوار کودسوا ں دن تھا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے اورنہ ہی داخلے کاآغاز کیا گیا ہے حالانکہ بی ایم سی ایجوکیشن محکمے کی جانب سے دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا ہے اوراس کی مدت بدھ کوختم ہوجائے گی۔مقامی کارپوریٹر مہر اوران کےشوہر ممبئی کانگریس کے نائب صدر محسن حیدر کے ذریعے چھیڑی گئی اس مہم میں والدین عزم مصمم کےساتھ میدان میں ہیں اوروہ یہ طے کرچکے ہیںکہ وہ اپنے بچوں کو داخلہ دلواکر ہی دم لیںگے ، خواہ انہیں مزید احتجاج کرنا پڑے ۔ یاد رہے کہ ۸۰؍سالہ قدیم شیٹھ ایم اے انگلش ہائی اسکول اب شری والے پارلے کیلوانی منڈل کے زیر انتظام ہے ۔اس منڈ ل پرالزام ہے کہ وہ بی ایم سی اسکول کو پرائیویٹ اسکول کی طرح چلانا چاہتا ہے اسی لئے داخلہ دینا بند کیا ہے اور ۱۷؍ اساتذہ کونکال دیا ہے۔ حالانکہ منڈل کے سربراہ امریش پٹیل انقلاب سے بات چیت میں یہ کہہ چکے ہیںکہ ان کا اسکول بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیںہے بلکہ ان پر الزام عائد کیاجارہا ہے لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان کا دعویٰ غلط ہے کیونکہ اسکول کے باہر ۱۰؍دن تک احتجاج کرنے کے باوجود آخر اب تک اسکول انتظامیہ کی جانب سے کوئی پیش رفت کیوں نہیں کی گئی ہے؟
عدالت کادروازہ کھٹکھٹانے کی تیاری
مظاہرے کے اہتمام میں پیش پیش رہنے واے محسن حیدر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ہم سب والدین کے ہمراہ آوازبلند کررہے ہیں اوریہ کوشش کر رہے ہیں کہ بچوں کو ان کی تعلیم کا حق مل سکے اوروہ تعلیم سے محروم نہ رہیں۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ اگراسکول انتظامیہ یہ کہتا ہے کہ اس کا اسکول بند کرنے یا پرائیویٹ کرنے کاکوئی ارادہ نہیںہے تو اسے پہلی جماعت اوردیگرجماعتوں کے طلبہ کا داخلہ شروع کرنے میںپس وپیش کیوں ہے ؟انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’ بی ایم سی کے دوسرے نوٹس کی مدت بدھ کوختم ہوگی اگر اس وقت تک بھی اسکول انتظامیہ اسی طرح ہٹ دھرمی پرقائم رہااورداخلہ شروع نہ کیاتوعدالت کادروازہ کھٹکھٹایا جائیگا۔‘‘