Inquilab Logo Happiest Places to Work

یائر لیپڈمتحدہ عرب امارات پہنچے ،ابوظہبی میںاسرائیل کے سفارت خانہ کا افتتاح کیا

Updated: June 30, 2021, 12:55 AM IST | Abu Dhabi

پڑوسیوں کے ساتھ امن کی خواہش کا اظہار ، مشرق وسطیٰ کو اپنا گھر قراردیا

Installation board outside the Israeli embassy.Picture:PTI
اسرائیل سفارتخانہ کے باہرنصب بورڈ تصویرپی ٹی آئی

اسرائیل کے وزیر  خارجہ یائر لیپڈ نے متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے سفارتِ خانے کا افتتاح کر دیا ہے۔یائر لیپڈ دو روزہ دورے پر منگل کو متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں انہوں نے ابوظہبی کی ایک بلند و بالا عمارت میں واقع اسرائیل کے دفتر میں فیتہ کاٹ کر سفارتخانہ کا افتتاح کیا۔اس دفتر کو اسرائیل کے عارضی سفار تخانے کا درجہ دیا گیا ہے۔یائر لیپڈ نے سفارت خانے کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں، ہم کہیں نہیں جارہے اور مشرقِ وسطیٰ ہمارا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم یہیں موجود ہیں اور خطے کے تمام ملکوں سے کہیں گے کہ وہ اسے تسلیم کریں۔‘‘
 یائر لیپڈ اپنے دو روزہ دورے کے دوران دبئی میں قونصل خانے کا بھی افتتاح کریں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گزشتہ برس سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد یہ اسرائیل کے کسی بھی وزیر کا پہلا دورہ ہے۔
 دورۂ متحدہ عرب امارات سے قبل یائر لیپڈ نے ٹویٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اس دورے کو تاریخی قرار دیا تھا۔یاد رہے کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کوششوں سے متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ برس اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے دیگر مسلم ملکوں میں بحرین، سوڈان اور مراکش بھی شامل تھے۔
 اسرائیلی وزیر خارجہ کے دورے کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب حال ہی میں اسرائیل میں نئی حکومت کا قیام عمل میں آیا ہے۔سابق وزیر اعظم  بنجامن  نیتن یاہو کے۱۲؍ سالہ اقتدار کا خاتمہ کرتے ہوئے اپوزیشن کی۸؍ جماعتوں نے یائر لیپڈ کی قیادت میں نئی حکومت تشکیل دی ہے۔حکومت سازی کے ایک غیر معمولی سمجھوتے کے تحت نفتالی بینیٹ دو سال کے لیے وزیر اعظم ہیں جس کے بعد آئندہ دو برس کے لیے یائر لیپڈ وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK