Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنجاب الیکشن سے قبل،چنڈی گڑھ کارپوریشن کا الیکشن،’آپ‘ سب سے بڑی پارٹی، بی جے پی دوسرے نمبر پر

Updated: December 28, 2021, 7:53 AM IST | Chandigarh

کارپوریشن کی حکمراں جماعت بی جے پی کیلئے بڑا جھٹکا، ۳۵؍ رکنی کارپوریشن میں صرف ۱۲؍ سیٹیں ملیں جبکہ پہلی بار الیکشن لڑنے والی ’آپ‘ کے ۱۴؍ امیدوار کامیاب، کانگریس کو بھی ۳؍ سیٹوں پر فائدہ

The atmosphere of celebration is also in the Congress tent, here its 5 members have been elected
کانگریس خیمے میں بھی جشن کا ماحول، یہاں اس کے ۸؍ اراکین منتخب ہوئے ہیں

 چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پہلی بار میدان میں اُترنے والی عام آدمی پارٹی (آپ) نے بی جے پی اور کانگریس جیسی بڑی سیاسی جماعتوں کو پٹخنی دیتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس نے مجموعی طور پر۳۵؍ میں سے۱۴؍ وارڈوں میں کامیابی حاصل کی۔ اس میں سب سے زیادہ نقصان بی جے پی کا ہوا ہے۔ اس کی وجہ کسانوں کی بی جے پی سے ناراضگی بتائی جارہی ہے۔
  یہاں ہونے والے کارپوریشن انتخابات میں پیر کو ووٹوں کی گنتی میں، آپ۱۴؍ سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ حکمراں بی جے پی۱۲؍ وارڈوں کے ساتھ دوسرے اور اپوزیشن کانگریس۸؍ وارڈوں میں کامیابی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔   دوسری طرف شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) نے ایک وارڈ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی۔ یہاں کارپوریشن میں کسی بھی پارٹی کیلئے واضح اکثریت کیلئے ۱۹؍ سیٹیں ہونا لازمی ہے۔ آنے والے دنوں میں اس کارپوریشن کے میئر، سینئر ڈپٹی میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کیلئے رسہ کشی شروع ہونے والی ہے۔
 اس الیکشن میں سب سے بڑا جھٹکا بی جے پی کو لگا ہے جس کو اس الیکشن میں ۸؍ سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔ پارٹی نے ۲۰۱۶ء کے الیکشن میں۲۰؍ سیٹیں جیت کر کارپوریشن میں واضح اکثریت حاصل کی تھی۔ بی جے پی امیدوار اور میئر روی کانت شرما اور سابق میئر دیوش مدگل انتخابات ہار گئے۔ روی کانت شرما کو’ آپ‘ کے دمن پریت سنگھ نے۸۲۸؍ ووٹوں سے اور مدگل کو’ آپ‘ کے جسبیر سنگھ نے۹۳۹؍ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ کانگریس کو پچھلے الیکشن میں ۵؍ سیٹوں پر ہی قناعت کرنی پڑی تھی لیکن اس بار اُسے تین سیٹوں کا فائدہ ہوا ہے۔
 ایس اے ڈی کو ایک سیٹ ملی اور اس نے اس بار بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھا ہے۔ مقامی بڑے لیڈروں میں کانگریس کے ہرموہندر سنگھ لکی اور’آپ‘ کے چندر مکھی شرما کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK