Inquilab Logo Happiest Places to Work
News Hub

سعودی کے بعد قطر میں بھی کفالت کا نظام ختم

Updated: March 22, 2021, 10:57 AM IST | Agency | Doha

تارکین وطن سے متعلق دیگر قوانین کا بھی نفاذ ،کم از کم اجرت کا اعلان ، اب ہر مزدور کو ایک ہزار قطری ریا ل دینے ہی ہوں گے ۔ ان کی رہائش اور کھانے کا بھی انتظام کرنا ہوگا ، ورنہ مزدور کو قیام اور طعام کیلئے۸۰۰؍ قطری ریال دینے ہوں گے

Construction - Pic : INN
کنسٹرکشن ۔ تصویر : آئی این این

سعودی عرب کے بعد  قطر  نے بھی کفالت  کا نظام ختم کردیا ہے جس سے  قطر میں مقیم ہزاروں ہندوستانیوں کا بھی فائدہ ہوگا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ریاض  نے بھی سعودی عرب کو ملازمت کیلئے پرکشش بنانے کیلئے کفالت نظام ختم کردیا ہے۔   
  ان دنوں قطر میں ۲۰؍ لاکھ  غیر ملکی    ملازمت کرتےہیں جن میں ایک بڑی تعدا د ہندوستانیوں کی ہے ۔ اسی طرح قطر نے غیر ملکیوں کی کم ازکم اجرت بھی طے کر دی ہے ۔ اس سے پہلے ۲۰۱۹ء میں قطر نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت کا اعلان کیا تھا لیکن اُس وقت قطر نے یہ نہیں بتایا تھا کہ کم ازکم اجرت کیا ہوگی ؟ بعد میں  یہ اجرت طے کی گئی تھی لیکن اب اس میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق بھی ہوگیا ہے ۔   خاص بات یہ ہے کہ اس کے نفاذ کے ساتھ ہی قطر خطے کا  ایسا پہلا ملک بن گیا ہےجس نے اپنے ہاں تمام غیر ملکیوں کیلئے مساوی بنیادوں پر کم از کم لازمی ماہانہ اجرت کا  قانون نافذ کیا ہے۔
  دوحہ نے ملک میں روزگار سے متعلق یہ  اصلاحات ایک ایسے وقت پر کی ہیں، جب قطر آئندہ برس فٹ بال کے فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کی میزبانی  کرے گا۔ 
  قطر کی وزارت محنت کے مطابق سنیچر سے قطر میں دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے لاکھوں تارکین وطن کارکنوں کیلئے کم از کم ایک ہزار قطری ریال کی لازمی ماہانہ اجرت کا نیا قانون  نافذ ہوگیا ہے ۔اس کا مقصد قطر کو تارکین وطن کے روز گار کیلئے  ساز گار بنا نا ہے   ۔ 
  سرکاری خبر رساں ادارے قطر نیوز ایجنسی نے  دوحہ  کی ترقیاتی امور، روزگار اور سماجی بہبود کی وزارت کے حوالے سے بتایا کہ  اس قانون  سے  قطر میں مقیم تمام غیر ملکی  فائدہ اٹھائیں گے ۔  ان میں گھر میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکن بھی شامل ہیں۔  ان کیلئے کم از کم لازمی ماہانہ تنخواہ ایک ہزار  قطری ریال ( تقریباً ۲۰؍ ہزار روپے)  طے گئی ہے۔اس قانون کے تحت  قطر ی مالکان کیلئے لازم ہوگا کہ وہ اپنے ملازمین  کو  ہر ماہ لازمی طور پر کم از کم طے شدہ تنخواہ  دیں ۔ ساتھ ہی وہ  ان کی رہائش اور خوراک کا بھی مناسب نظم کریں گے۔   وزارت کے مطابق جن  ملازمین کو مالکان رہائش اور خوراک سہولت خود نہیں فراہم کریں گے، ان کیلئے لازم ہے کہ وہ  اپنے ملازم کو ہر ماہ تنخواہ کے ساتھ ساتھ  خوراک کیلئے کم از کم۳۰۰؍ ریال اور رہائش کیلئے۵۰۰؍ ریال بھی  نقد دیں۔ 
   دوحہ حکومت  کی  ان اصلاحات کا مقصد روایتی کفالت نظام کا خاتمہ کرنا ہے ۔ اس نے    یہ اعلان کیا تھا کہ وہ  قطر میں تارکین وطن کارکنوں کیلئے کم از کم لازمی اجرت کا نظام متعارف کرانا چاہتی ہے جس کے ذریعہ کفالت نظام ختم کیا جائے گا۔ اس  نئے قانون کے تحت قطر میں مقیم غیر ملکی کارکن اپنے  مالکان کی اجازت کے بغیر بھی اپنی ملازمت تبدیل کر سکیں گے۔ 

qatar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK