Inquilab Logo Happiest Places to Work

تھانےسمیت ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں پروجیکٹوں میں تیزی لا ئی جائے

Updated: November 15, 2020, 9:08 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

شہری ترقیات کےوزیر ایکناتھ شندے نے ایم ایم آر ڈی اے کو ہدایت دی ، تھانے- بھیونڈی- کلیان میٹرو پروجیکٹ کا ترمیمی منصوبہ بھی جلد پیش کرنے کا حکم دیا

Development Project Mumbai - Pic : INN
ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ممبئی ۔ تصویر : آئی این این

شہری ترقیاتی کے وزیر ایکناتھ شندے  نے مہاراشٹر میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایم ایم آر ڈی اے ) کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ تھانے  میں متعدد التوا اور سست رفتاری سے جاری پروجیکٹوں میں تیزی لائی جائے۔اسی دوران انہوںنے تھانے- بھیونڈی- کلیان میٹرو کے پروجیکٹ میں ترمیم کرکے نیا منصوبہ بنانے کی بھی ہدایت دی ہے۔
 شہری ترقیات کے وزیرنے گزشتہ دنوں تھانے سمیت مہاراشٹر میٹروپولیٹن ریجن ( ایم ایم آر) میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم میٹنگ طلب کی تھی۔ اسی دوران انہوںنے یہ ہدایت دی۔ان پروجیکٹوں میں گھاٹکوپرسے تھانے تک ایسٹرن  فری وے کی توسیع ، تین ہاتھ ناکہ جنکشن کی ری ماڈلنگ،  آنند نگر ناکہ سے ساکیت ایلیویٹڈ ہائی وے ، کوپری سے پٹنی کھاڑی پل ، کولشیت سے گائے مکھ کھاڑی روڈ  نیز تھانےکولشیت ، کاسروڈولی اور گائے مکھ کے ساحلوں کو جوڑنے والا پل اور ان کے علاوہ نئے تھانے گروتھ سینٹر  جیسے منصوبے شامل  ہیں۔
 ایکناتھ شندے نے ان تمام منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیلئے نوڈل آفیسر کی تقرری کی  ہدایت ایم ایم آر ڈی اے کمشنر آر اے راجیوکو دی ۔
  اس میٹنگ میں شندے اور راجیو کے سامنے متعدد پروجیکٹوں کے پریزنٹیشن بھی دئیے گئے۔
 تھانے کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے خود شندے پچھلے کئی برسوں سے ریاستی حکومت اور ایم ایم آر ڈی اے کے ساتھ مل کر ان منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ چونکہ پونے ، ناسک ، احمد آباد اور جے این پی ٹی جیسے مختلف مقامات پر جانے والی بڑی اور مالبردار گاڑیاں تھانے شہر سے گزرتی ہیں اور اسی لئے یہاں ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔ناگپور- ممبئی سمرودھی شاہراہ تھانے کے قریب ختم ہو گی    اور اسی کے ساتھ بھیونڈی اور کلیان میں ایم ایم آر ڈی اے کے گروتھ سینٹر کی بھی توسیع کی جارہی ہے۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر ٹریفک  کے مسائل میںاضافہ ہوگا۔ان عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ منصوبے تیار کئے گئے ہیں ۔
 ان پروجیکٹوں کی پیشکش پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےشندے نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان تمام منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر لیں اور اس کے لئے نوڈل آفیسر بھی مقرر کریں۔
 اس موقع پر شندے نے کہا کہ ’’تھانے، کلیان ، ڈومبیولی اور بھیونڈی کے شہریوں کی  زندگی گزشتہ متعدد برسوں سے ٹریفک کی بھیڑ کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔ ٹریفک مسائل کے حل کے کیلئے ان منصوبوں کے لئے ہم پچھلے کئی سال سے مستقل کوشش کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے ٹریفک کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے گا۔ 
  انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں  بڑھنے والی آبادی کے پیش نظر ان تمام منصوبوں کو تیار کیاگیا ہے۔
جلد ہی تھانے -بھیونڈی-کلیان میٹرو کی اصلاح شدہ ترتیب
   تھانے- بھیونڈی-کلیان میٹرو ریل پروجیکٹ میں بھیونڈی تا کلیان کی ڈیزائن کے بارے میں کئی شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ کیونکہ کلیان کا کچھ حصہ ہی میٹرو سے جوڑا گیا تھااور کلیان کے شہریوںکی بڑی تعداد میٹرو سے محروم ہو رہی تھی اسی لئے شندے نے ایم یم آر ڈی اے کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترمیم شدہ میٹرو پروجیکٹ پر تیزی سے کام کرے   اور اصلاح شدہ منصوبہ جلد پیش کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK