EPAPER
Updated: September 11, 2020, 9:30 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
پولیس کے ذریعہ حراست میں لئے گئے ملزموں کےقبضے سے مسروقہ مال بھی برآمد
یہاں آرے کالونی کے علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری اور نقب زنی کی واردات پر قابو پانے کیلئے ممبئی پولیس پوری طرح سے مستعد اور الرٹ رہنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن لاک ڈاؤن کے دوران بھی ہونے والی واردات کو روکنے میں پولیس ناکام ثابت ہورہی ہے ۔ البتہ ممبئی پولیس نے مکانوں اور دکانوں میں ہونے والی ایک نقب زنی کے معاملے میں ایک بدنام زمانہ گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے۳؍ بدمعاش کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مسروقہ مال بھی برآمد کیا ہے ۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق آرے پولیس اسٹیشن کی حدود میں چوری اور نقب زنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا تھا اور پولیس اہلکار اسے روکنے کیلئے کافی کوشاں بھی تھے اور قابو پانے کیلئے پولیس اہلکاروں کی کئی ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ۳۱؍ اگست کو آرے پولیس اسٹیشن کے علاقے نقب زنی کا ایک معاملہ پیش آیا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں تعزیرات ہند کی دفعات ۴۵۴، ۴۵۷، اور ۳۸۰؍ کےتحت معاملہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات کے دوران ۸؍ ستمبر کو آرے کالونی میں واقع ۳۰؍ نمبر یونٹ کے قریب ۲؍ افراد مشتبہ حالت میں پولیس کو گھومتے ہوئے نظر آئے ۔ پولیس نے انہیں روک کر باز پرس کی تو ان کے گول مول انداز میں جواب دینے سےپولیس مطمئن نہیں ہوئی اور شک کی بنیاد پر انہیں حراست میں لیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کی تو ایک نے بتایا کہ ان کی کٹٹو نامی ایک گینگ ہے اور وہ ان کے گروہ میں شامل ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ پکڑےگئے ملزمین ہشٹری شیٹر کٹٹو گینگ کے رکن ہیں ۔
پولیس کے ذر یعہ بازپرس کرنے پر دونوں ملزمین کی نشاندہی پرگینگ کا سرغنہ کینن متوسوامی عرف گٹو ( ۲۳) اشوین اروند چودھری ( ۱۹) اور روبن جیراج راؤ (۲۰) کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ملزمین کےقبضے سے ۲۵؍ ہزار روپے قیمت کی پینا سونک کمپنی کی ایل ای ڈی ٹی وی، ۱۰؍ ہزار روپے مالیت کا موبائل فون برآمد کیا ہے ۔ آرے پولیس اسٹیشن کے افسر نے بتایا کہ ایڈیشنل سی پی دلیپ ساونت اور زون ۱۲؍کے ڈی سی پی ڈاکٹر سوامی کی نگرانی میں آرے پولیس اور دندوشی پولیس اسٹیشن کے افسران نے کارروائی کو انجام دیتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کیا ہے ۔