EPAPER
Updated: March 23, 2021, 12:28 PM IST
| Shahnwaz Ali
کچھ کرنے کی تڑپ اور کوشش ہو تو کامیابی مل ہی جاتی ہے۔ ایسی ہی کچھ کہانی مودی نگر کے رہنے والے مزدور امیر الدین کے بیٹے اظہر الدین کی ہے۔ کچھ کرنے کی تڑپ اور کوشش ہو تو کامیابی مل ہی جاتی ہے۔ ایسی ہی کچھ کہانی مودی نگر کے رہنے والے مزدور امیر الدین کے بیٹے اظہر الدین کی ہے۔ بی ٹیک کرنے والے اظہر نے فاضل اور بے کار پرزوں کی مدد سے ای سولار کارٹ بناکر سبھی کو حیران کردیاہے۔ اس چھوٹی سی گاڑی کو ضرورت کے اعتبار سے بجلی سے چارج کرکے بھی چلایا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اظہر الدین بی ٹیک کے سال دوم میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے ایک ماحول دوست گاڑی بنانے کا عزم کیا اور کامیاب رہے۔ اظہر کی بنائی ہوئی اس شمسی کارٹ کو جس کسی نے دیکھا بے حد پسند کیا۔ انہیں اندرون ملک کے ساتھ ساتھ دبئی سے بھی آرڈر آیا۔
اس سولار کارٹ کو بنانے کے متعلق اظہر نے بتایا کہ اسےتیار کرنے کے لئے سبھی پرزے دیسی ہیں۔ زیادہ تر اسکریپ وین اور دیگر گاڑیوں کے لگے ہیں۔ اسے بنانے کے لئے میں نے کباڑ کی دکان سے درکار سامان حاصل کیا اور اپنی سولار ای کارٹ کو آخری شکل دی۔ میٹر، بیٹری اور سولار پینل وغیرہ نئے ہیں بقیہ سبھی پرزے بے کار اور فاضل تھے۔ اظہر نے بتایا کہ سورج کی روشنی نہ ملنے پراس کارٹ کو چلانے کے لئے متبادل توانائی کی بھی سہولت ہے۔ اس میں ۱۲-۱۲؍وولٹ کی ۱۴۰؍ ایمپیئر لیڈ ایسڈ کی ۵؍ بیٹریاں دی گئی ہیں جو بجلی سےچارج ہوجاتی ہیں۔ ایک بار سولار پاور سے چارج ہونے پر یہ ای کارٹ ۱۰؍ سے ۱۵؍ کلومیٹر تک دوڑ تی ہے۔ بجلی سےیہ ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے میں مکمل چارج ہوجاتی ہے اور ۴۰؍ کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔ سبھارتی انسٹی ٹیوٹ کے طالب علم اور مزدور والد کے ہونہار فرزند اظہر الدین کو پانچویں جماعت سے ہی اختراعی کاموں میں دلچسپی رہی ہے۔ اظہر نے پانچویں جماعت میں انجکشن اور آئی وی سیٹ سے کرین کا ماڈل بنایا تھا۔ ۲۰۰۷ء میں جب وہ گیارہویں میں جماعت میں زیر تعلیم تھے تب انہوں نے یک نشست والا ہیلی کاپٹر بھی بنایا تھا۔ اظہر ای سولار سائیکل اور رکشا بھی بناچکے لیکن تب معاشی وجوہات کے سبب وہ اسے کاروبار میں بدلنے سے قاصر رہے۔