EPAPER
Updated: February 09, 2022, 1:16 PM IST | The Times of India | Chennai
یہاں کے اشوک نگر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی ۷؍ طالبات کو ایم بی بی ایس میں داخلہ ملا ہے۔ ان طالبات کو ۷ء۵؍ فیصد اسپیشل ریزرویشن کے تحت اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔
یہاں کے اشوک نگر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی ۷؍ طالبات کو ایم بی بی ایس میں داخلہ ملا ہے۔ ان طالبات کو ۷ء۵؍ فیصد اسپیشل ریزرویشن کے تحت اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔ پچھلے سال اسی اسکول کی ۵؍طالبات کو ایم بی بی ایس اور ایک طالبہ کو بی ڈی ایس میں داخلہ ملا تھا۔ امسال ایم بی بی ایس میں جن ۷؍طالبات نے داخلہ حاصل کیا ہے وہ سبھی لوور مڈل کلاس گھرانوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ معاشی طور سے پسماندگی کے سبب ان کے لئے نیٖٹ کی کوچنگ حاصل کرنا ناممکن تھا۔ اس مشکل صورتحال میں بھی ان لڑکیوں نے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے نیٖٹ کی تیاری خود ہی کرنے کا بیڑہ اٹھایا، اپنے ٹیچروں سے رہنمائی حاصل کی ، آن لائن کوچنگ کی مدد لی اور دن رات پڑھائی کی ۔ ایم بی بی ایس طلبہ کے مینٹور شپ پروگرام سے بھی ان طالبات کو بڑی مدد ملی ۔ ان طالبات میں پراوینا جی نے نیٹ امتحان میں ۳۵۳؍ مارکس حاصل کئے اور اسےاوماندورار گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ مل گیا ہے۔ پراوینا نے کہا کہ ’’ہماری ہیڈمسٹریس نے مینٹور شپ پروگرام کا انتظام کیا اور کلپاؤک میڈیکل کالج کے ۲؍ طلبہ کو ہماری تعلیمی رہنمائی کے لئے بلایا۔ پراوینا کے والد گنا شیکھرن کوڈمبکم میں دودھ فروش ہیں۔ رضوانہ یاسین جے نامی طالبہ نے نیٹ میں ۲۷۹؍ مارکس حاصل کئے ہیں اور اس کا داخلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ترونیلی میں ہوا ہے۔ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سے کل ۵۷؍ طالبات نے نیٹ امتحان میں شرکت کی تھی، جن میں سے ۱۲؍ طالبات ۷ء۵؍ فیصد ریزرویشن کے تحت داخلے کی اہل قرار پائی ہیں۔ اسکول کے کوآرڈینٹر وی ایزیلرسی نے کہا کہ ’’ہمیں توقع تھی کہ اس سال ۱۰؍ طالبات امسال ایم ایم بی ایس میں داخلہ پائیں گی، بہر حال ، ایک طالبہ کو بی ڈی ایس سیٹ ملی ہے جس نے داخلے سے منع کردیا ہے کیونکہ وہ ایم بی بی ایس کرنا چاہتی ہے۔ جو ۷؍ طالبات نیٹ کوالیفائی کرکے میڈیکل میں داخلہ کی اہل قرار پائی ہیں ان میں سے ۴؍ موجودہ بیچ کی ہیں اور ۳؍ پرانے بیچ کی ۔ ‘‘