EPAPER
Updated: February 18, 2020, 11:13 AM IST | Agency | Mumbai
پوجا کی تعریف کرتے ہوئے پروڈیوسر اور رائٹر ساجد نڈیاڈ والا نے کہا کہ : ’ہاؤس فل۔۴‘میں ان کے ساتھ کام کرنے کے بعد، ہم نے محسوس کیا کہ وہ اس فلم کیلئے موزوں ہیں
دَبَنگ خان سلمان نے ۲۰۲۱ء میں ایک بار پھر اپنے مداحوں کے ساتھ عید منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی نئی فلم ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ کا اعلان کیا۔ ساجد نڈیاڈ والا کی پروڈکشن ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ میں سلمان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ اور اب فلمساز نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اس فلم میں سلمان خان کے مقابل ہیروئن کون ہوں گی؟ اس بابت ساجد نڈیاڈ والا نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ ’ہاؤس فل۔۴‘ کی اداکارہ پوجا ہیگڑے ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ میں سلمان خان کے مقابل نظر آئیں گی۔
پوجا اپنی آنے والی فلم ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ میں سلمان کی محبوبہ کا کردار ادا کریں گی۔ پوجا کی تعریف کرتے ہوئے پروڈیوسر اور رائٹر ساجد نڈیاڈ والا نے کہا کہ ’’فلم ’ہاؤس فل۔۴‘میں پوجا کے ساتھ کام کرنے کے بعد، ہم نے محسوس کیا کہ وہ اس فلم کیلئے موزوں ہیں۔ ان کے پاس بہترین اسکرین لُک ہے اور سلمان کے ساتھ ان کی جوڑی خوب جمے گی۔ یہ جوڑی کہانی میں نیا پن لائے گی۔‘‘
سلمان، ساجد نڈیاڈ والا اور عید کی ریلیز ہمیشہ ہی ایک عمدہ امتزاج رہا ہے اور ان تینوں نے ماضی میں کئی بلاک بسٹرز فلمیں پیش کی ہیں۔
تینوں کے خصوصی امتزاج کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد کہتے ہیں کہ ’’فلم ’جڑواں‘ میری سلمان کے ساتھ عید کی پہلی ریلیز تھی۔ یہاں تک کہ میری ہدایتکاری میں پہلی فلم ’کِک‘ بھی اسی تہوار پر ریلیز ہوئی تھی۔‘‘ چونکہ سلمان اور پوجا کی جوڑی والی پہلی فلم ہے اور مزاح سے بھرپور ہے اس لئے فلمساز نے پہلے شوٹ شیڈول کیلئے متعدد ’ورک شاپس‘ کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ یہ جوڑی ایک دوسرے کے ساتھ مطمئن اور آرام دہ محسوس کر سکے۔ورک شاپ میں یہی کوشش کی گئی۔
فلم میں سلمان بالکل نئے اوتار میں نظر آئیں گے اور فی الحال ان کے ’لُک‘(شکل) کے بارے میں فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ اس کردار کی محبوبہ ایک روایتی لڑکی ہے جو ایک چھوٹے شہر سے تعلق رکھتی ہے جسے سلمان کے کردار سے شدید اختلاف ہے۔ پوجا نے ’مکند‘ جیسی جنوبی ہند کی فلم میں معمولی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے اور اسی وجہ سے فلمساز کے مطابق وہ اس کردار کیلئے موزوں ہیں۔
فلم کے دونوں کرداروں کے مابین ایک خوبصورت با معنی داستانِ عشق دیکھی جا سکےگی اور پوجا کا کردار اس کہانی میں بڑا انسپائرنگ ہوگا۔ فلم میں ایکشن سے بھرپور مناظر ہوں گے لیکن سلمان اس بار ذاتی انتقام لینے کے بجائے ایک عظیم مقصد کیلئے لڑتے ہوئے نظر آئیں گے۔
یہ ایک فیملی ڈراما ہے جس کے ہدایتکار فرہاد سام جی ہیں اور یہ فلم ’نڈیاڈوالا گرینڈ سنز‘ کے بینر تلے بنائے جا رہی ہے۔