EPAPER
Updated: January 28, 2022, 12:14 PM IST | Agency | New Delhi
ہاکی انڈیا نے وندنا کٹاریہ کو پدم شری کیلئے منتخب کئے جانے پر مبارکباد دی اور ان کے کھیل کی ستائش کی
ہاکی انڈیا نےانڈین ویمن ہاکی ٹیم کی فارورڈ کھلاڑی وندنا کٹاریہ کو پدم شری ایوارڈ کےلئے منتخب کئے جانے پر مبارکباد دی ہے۔وندنا کو مبارکباد دیتے ہوئے، ہاکی انڈیا کے صدر گیانندرا ننگومبم نے کہا ’’یہ خواتین کی ہاکی کے لئے بہت فخر کا لمحہ ہے۔ میں وندنا کو باوقار پدم شری ایوارڈ کیلئے نامزد کئے جانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وہ خواتین ہاکی ٹیم میں سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران عالمی سطح پر خواتین ہاکی کے عروج کا حصہ رہی ہیں اور میری خواہش ہے کہ وہ قومی ٹیم کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہیں۔ ‘‘ اترا کھنڈ کے ہریدوار ضلع کے روشن آباد کی رہنے والی وندنا نے حال ہی میں ہندوستان کے لئے۲۵۰؍ واں میچ کھیلاتھا ۔ وہ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کیلئے ایک تجربہ کار اٹیک لائن کا حصہ رہی ہیں اور اولمپک گیمز میں گول کی ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔ ۲۹؍سالہ وندنا ٹوکیو اولمپک گیمز میں ہندوستان کی تاریخی چوتھی پوزیشن کا حصہ تھیں۔ وہ اس سے قبل ۲۰۱۶ءمیں ایشین چمپئن ٹرافی، ۲۰۱۷ء میں ایشیا کپ اور ۲۰۱۴ءمیں ایشین گیمز میں گولڈ اور ۲۰۱۸ءکے ایشین گیمز میں ہندوستان کی چاندی کا تمغہ جیتنے اور دیگر کئی کامیابیوں میں ٹیم کا حصہ رہ چکی ہیں۔ وندنا جرمنی میں ایف آئی ایچ ہاکی جونیئر ورلڈ کپ خواتین کے ۲۰۱۳ء میں ملک کی سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی تھیں، جہاں ہندوستان نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اسی سال وندنا ملائیشیا میں خواتین ایشیا کپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بنیں۔