EPAPER
Updated: October 10, 2021, 7:26 AM IST | Dubai
آج آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں چنئی سپرکنگز اور دہلی کیپٹلس کے درمیان ٹکر۔ چنئی کو سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے مدد مل سکتی ہے۔ دہلی نے اس سیزن میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے
بڑے میچوں میں کھیلنے کا بے پناہ تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کی بنیاد پر چنئی سپر کنگز کی ٹیم آئی پی ایل۲۰۲۱ء کے اتوار کو ہونے والے پہلے کوالیفائر میں دہلی کیپٹلس کے خلاف جیت کی مضبوط دعویدارہے۔ دہلی کی ٹیم۲۰؍ پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں سرفہرست ہے اور یہ اس کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔ کوروناکی وجہ سےٹورنامنٹ ملتوی ہونے کے باوجود دہلی نے اپنی مستقل مزاجی برقرار رکھی۔
چنئی نے پچھلے سال ہارنے کے بعد دوبارہ پلے آف میں جگہ بنائی ہے۔ ا س ٹیم نے۱۲؍ آئی پی ایل میں حصہ لیا ہے ، اس کی ٹیم۱۱؍ بار پلے آف میں پہنچی ہے تاہم آخر میں لگاتار ۳؍ میچ ہارنا اس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے لیے پریشانی کا باعث ہوگا۔ دوسری طرف دہلی کو اپنا آخری میچ بھی ہارنا پڑاتھا۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے شریکر بھرت نے آخری گیند پر چھکا مار کر دہلی کو حیران کردیا۔ اس سے اس کی حالت متاثر نہیں ہوئی لیکن اس کا اعتماد ضرور لرز گیا ہوگا۔
چنئی نے اب تک ۸؍ مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی ہے ، جن میں سے وہ ۳؍ بار چمپئن بن چکا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیم ضرورت کے وقت بہترین کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چنئی اپنے پرانے تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کرتا رہا ہے اور اپنی ٹیم کو زیادہ تبدیل نہیں کرتا ہے۔ ریتوراج گائیکواڈ کو اس سے مستثنیٰ کہا جا سکتا ہے جن کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ وہ گزشتہ دہائی میں چنئی سپرکنگز کا پہلا تحفہ ہیں۔ دھونی کا اصول واضح ہے ، ان لوگوں پر بھروسہ کریں جن کو آزمایا گیا ہے ، جن کے پاس تجربہ ہے اور اسی وجہ سے ان کی ٹیم میں رویندرجڈیجا ، امباتی رائیڈو ، سریش رائنا ، ڈوین براوو اور فاف ڈو پلیسس جیسے بہت زیادہ تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔