Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی نے ایشان پر بڑا داؤ کھیلا ، شریس کاکولکاتا کا نیا کپتان بننے کا امکان

Updated: February 13, 2022, 9:24 AM IST | Bangalore

آئی پی ایل کی میگا نیلامی میں ممبئی نے وکٹ کیپر کو ۱۵ء۲۵؍کروڑ روپے میں خرید لیا۔ کولکاتا نے شریس ایّر کو ۱۲ء۲۵؍کروڑکے عوض ٹیم میں شامل کرلیا۔محمد سمیع گجرات ٹائٹنس کیلئے ۶ء۱۵؍ کروڑ میں کھیلیں گے۔آر سی بی نے فاف کو خریدا

All the franchise members before the Magna Auction. (Inset): IPL Commissioners Rajiv Shukla, Soro Ganguly and J. Shah
میگانیلامی سے قبل سبھی فرنچائزی ممبران۔(انسیٹ ):آئی پی ایل کمشنر راجیو شکلا، سورو گنگولی اور جے شاہ

: ممبئی انڈینس نے  وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو ایک بڑی رقم۱۵؍ کروڑ۲۵؍لاکھ روپے  دے کر اپنی ٹیم میں  شامل کر لیا ہے ۔ کافی دیر تک کئی ٹیموں نے شریس ایّر کو خریدنے کیلئے بولی لگائی لیکن آخرکار کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم نے انہیں۱۲ء۲۵؍ کروڑ کی رقم دے کر خریدا لیکن سنیچر کوسب سے بڑی رقم ایشان کشن کے نام رہی۔ ان کیلئے ممبئی انڈینس نے۱۵؍ کروڑ۲۵؍ لاکھ روپے کی ریکارڈ بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ حیدرآباد سمیت کئی دیگر ٹیموں نے کشن کیلئے بولی لگائی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ممبئی نے نیلامی میں کسی کھلاڑی کیلئے ۱۰؍ کروڑ کی بولی لگائی ہے۔
  جس طرح توقع کی جارہی تھی، ٹھیک اسی طرح نوجوان ایشان کشن آئی پی ایل نیلامی کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ نیلامی میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو جگہ نہیں ملی۔ امباتی رائیڈو سی ایس کے میں واپس جائیں گے۔ ایشان کشن کے لئے بولی کا نمبر آیا تو ممبئی نے شروعات کی۔ ۵؍ کروڑ تک بولی چلی۔ اس دوڑ میں ٹائٹنس بھی شامل ہوگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بولی۱۰؍ کروڑ کے پار پہنچ گئی۔ ممبئی نے ۱۵؍ کروڑ ۲۵؍ لاکھ روپے میں ایشان کشن کو خرید کر اپنے پاس برقرار رکھا۔ اس سے پہلے کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے شریس کو ۱۲ء۲۵؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے جب ممبئی نے کسی کھلاڑی پر نیلامی میں۱۰؍کروڑ سے زیادہ کی رقم  قیمت لگائی ہے۔ 
 پرانی ٹیم چنئی اور بنگلور نے فاف ڈو پلیسس کیلئے دلچسپی ظاہر کی۔ دہلی نے بھی پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ ڈو پلیسس اپنی تیز بلے بازی کیلئے مشہور ہیں  اور۷؍ کروڑ کی بولی کے ساتھ آر سی بی نے فاف کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ کوہلی کو اب ایک جارحانہ اوپنر مل گیا ہے۔
  ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع کا نمبر بھی آگیا۔ ایک بار پھر آر سی بی  نے بولی شروع کی اور  ٹائٹنس نے بھی اپنا ہاتھ اٹھایا۔ سمیع تیز رفتار گیند بازی کرتے ہوئے وکٹ لینے کیلئے جانے جاتے ہیں۔ اسی لئے لکھنؤ بھی میدان میں اترا۔ گوتم گمبھیر سمیع کی گیند بازی کے مداح ہیں، اس لئے لکھنؤ شامی کیلئے کے کے آر  سے لڑ رہے ہیں۔۶؍ کروڑ کی بولی فی الحال آر سی بی کے حق میں تھی اور قیمت بھی بڑھ رہی تھی اور آخری وقت میں سمیع گجرات ٹائٹنس کیلئے ۶ء۱۵؍ کروڑ میں کھیلیں گے۔
 آخری مارکی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کا نمبر آ ہی گیا۔ بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز دھون کے متبادل کی تلاش میں دہلی نے شروعاتی بولی لگائی اور چنئی ان کے پیچھے پیچھے چلی آئی۔ دہلی نے تو ذہن بنالیا تھا اور ۶ء۲۵؍ کروڑ کی بولی لگاکر وارنر کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ اس مرتبہ ان کا بیس پرائس ۲؍ کروڑ روپے تھا ۔ اس سے پہلے کئی ٹیموں نے انہیں اپنے ساتھ کرنے کی کوشش کی تھی۔اس آئی پی ایل میں ڈیوڈ وارنر دہلی کیپٹلس کی ٹیم کے ساتھ کھیلتے نظر ہوئے آئیں گے۔
  شریس ایّر  کے کے آر کپتان کی حیثیت سے  اگلا آئی پی ایل کھیلیں گے۔ آر سی بی نے بولی شروع کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے قیمت ۴؍ کروڑ سے اوپر چلی گئی۔ دہلی کے ساتھ لکھنؤ بھی میدان میں اترا۔اس بار شریس اپنی پرانی ٹیم میں واپس جائیں گے؟ کے کے آر نے بھی وارم اپ کے بعد بولی لگانے کا فیصلہ کیا اور شریس ایّر۹ء۲۵؍ کروڑ کے ساتھ کے کے آر کیلئے کھیلیں گے۔  دہلی نے صرف قیمت بڑھانے کیلئے ایک اور بولی لگائی۔   گجرات ٹائٹنس نے۱۰؍کروڑ کی بولی لگائی۔ شریس ایّر اس نیلامی میں۱۰؍کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ یاد رہے کہ کے  کے آر کو کپتان کی بھی تلاش تھی اور آخر کار وہ ۱۲؍ کروڑ۲۵؍ لاکھ میں کے کے آر کے کیمپ میں پہنچ گئے۔
  ٹرینٹ بولٹ کو اس کے بعد نیلام کیا  گیا۔ دونوں رائل ٹیمیں  آر سی بی اور  راجستھان رائلز اس پر بہت زیادہ بولی لگا رہی تھیں۔ شاید بنگلور نے بولٹ کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا۔ دونوں کیمپ اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے سمجھداری سے بولیاں لگا رہی تھیں۔ آر سی بی نے۵؍ کروڑ۵۰؍ لاکھ کی بولی لگائی جبکہ راجستھان نے انہیں۲۵؍ لاکھ سے آگے بڑھایا اور جیسے ہی کام مکمل ہو رہا تھا، ممبئی انڈینس نے کہا، ابھی ہم زندہ ہیں۔  بولی ۷؍ کروڑ سے اوپر پہنچ گئی۔ آخری بار بولٹ ۲؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ میں فروخت ہوا تھا۔ اس بار ان کی قیمت تقریباً ۴؍ گنا بڑھ گئی  اور وہ راجستھان رائلز کیلئے  ۸؍ کروڑ میں کھیلیں گے۔
  آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنس کو ان کی پرانی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے بولی لگائی  جبکہ نئی ٹیم گجرات نے بھی ان میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اپنے چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھتے ہوئے آشیش نہرا نے ۵؍کروڑ کی بولی لگائی۔ طویل لڑائی کے بعد کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے اپنے پرانے کھلاڑی کو۷؍کروڑ۲۵؍ لاکھ روپے میں خرید لیا۔
  اوپنر شکھر دھون آئی پی ایل۱۵؍ کی نیلامی میں شامل ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ راجستھان رائلز نے۲؍ کروڑ کی بیس پرائس کے ساتھ بولی شروع کی اور دہلی کیپٹلس نے ان کے ساتھ جنگ ​​چھڑ گئی۔ دہلی نے۳؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی۔ دونوں ٹیمیں دھون کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتی تھیں اور جھگڑا ختم ہونے کا نام نہیں لے رہاتھا۔ بولی ۵؍ کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔ کافی غور و خوض  کے بعد راجستھان رائلز نے ہاتھ اٹھائے اور پنجاب کنگز میدان میں اترا۔ پنجاب کنگز نے شکھر دھون کو۸؍ کروڑ۲۵؍ لاکھ روپے میں خریدکر مینک اگروال کا اوپننگ پارٹنر بنایا۔
  روی چندرن اشون شکھر دھون کے بعد اگلے مارکی کھلاڑی تھے۔ دھون کے جانے کے بعد دہلی نے اشون کیلئے ابتدائی بولی لگائی۔ راجستھان نے ایک بار پھر ان کا کام خراب کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ٹیمیں تجربہ کار ہندوستانی اسپنر کیلئے بولیاں لگا رہی تھیں۔ دہلی کے مالک کرن کمار گاندھی اور پارتھ جندل کے درمیان بات چیت کے بعد انہوں نے ۴؍ کروڑ۸۰؍ لاکھ کی بولی لگائی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کیپٹلس کا لگاتار دوسرا کھلاڑی دوسری ٹیم میں چلا گیا۔ روی اشون راجستھان کیلئے ۵؍ کروڑ روپے میں کھیلیں گے۔ اشون اور جوس بٹلر ایک ہی ٹیم میں ہیں۔ اس بار نان اسٹرائیک اینڈ پر کوئی رن آؤٹ نہیں ہوگا۔ 
 نیلامی کے پہلے دن۵؍ کھلاڑیوں نے ۱۰؍ کروڑ کا ہندسہ عبور کیا۔ ایشان کشن اور شریس ایّر کے علاوہ ہرشل پٹیل، نکولس پورن اور ونیندو ہسرنگا نے بھی۱۰؍کروڑ کا ہندسہ پار کیا۔ پورن کو سن رائزرس حیدرآباد نے۱۰ء۷۵؍کروڑ میں خریدا، آر سی بی نے ہرشل پٹیل کو۱۰ء۷۵؍کروڑ میں اورہسرنگا کو۱۰ء۷۵؍ کروڑ میں خریدا گیا۔ 
 پرس میں سب سے زیادہ رقم پنجاب کنگز کے پاس تھی۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی ٹیم نے مارکی کھلاڑیوں کی نیلامی میں زبردست بولی لگائی۔ پہلے انہوں نے شکھر دھون کو۸؍ کروڑ دے کر خریدا اور اس کے بعد ۹ء۲۵؍کروڑ  میں کگیسو ربادا کو شامل کیا ۔ دہلی کیپٹلس بھی دھون کیلئے بولی لگانے کی دوڑ میں تھی، ساتھ ہی آر اشون اور ربادا کیلئے  بھی بولی لگائی گئی تھی لیکن انہیں حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ 

ipl Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK