Inquilab Logo Happiest Places to Work

رائل چیلنجرز بنگلور کی راجستھان رائلز پر شاندار فتح

Updated: October 04, 2020, 4:00 AM IST | Agency | Abu Dhabi

آئی پی ایل کے میچ میں بنگلور نے راجستھان کو ۸؍وکٹ سے روند دیا۔ پڈیکل اور وراٹ کی نصف سنچری۔ یزویندر نے ۳؍وکٹ لئے

IPL - Pic : PTI
دیودت پڈیکل رن لیتےہوئے دیکھے جاسکتے ہیں اور ان کے ساتھ وراٹ کوہلی بھی ہیں

سلامی بلے باز دیودت پڈیکل (۶۳؍رن) اور کپتان وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ۷۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں سے رائل چیلنجرز بنگلور نے راجستھان رائلز کو سنیچر کے روز یکطرفہ انداز میں ۸؍ وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل۱۳؍ کے  پوائنٹ ٹیبل میں تیسری جیت کے ساتھ چوٹی کا مقام حاصل کیا۔ 
 بنگلور نے  لیگ اسپنر یزویندر چہل (۲۴؍ رن پر۳؍ وکٹ)کی شاندار گیندبازی سے راجستھان کو ۲۰؍اوور میں ۶؍ وکٹ پر۱۵۴؍ رن پر روک دیا ۔ بنگلور نے پڈیکل اور وراٹ کی نصف سنچری اننگز سے ۱۹ء۱؍اوورس میں ۲؍ وکٹ پر۱۵۸؍رن بناکر آسانی سے میچ اپنے نام کردیا۔ 
 بنگلور کی ۴؍ میچوں میں یہ تیسری جیت ہے اور وراٹ کی ٹیم پوائنٹ ٹیبل میں چوٹی پر پہنچ گئی ہے جبکہ راجستھان کو۴؍میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
 نوجوان بلے باز  پڈیکل نے اپناشاندار فارم جاری رکھتے ہوئے ۴؍ میچوں میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی جبکہ وراٹ نے  فارم میں لوٹتے ہوئے  آئی پی ایل میں اپنی۳۷؍ ویں نصف سنچری مکمل کی۔ پڈیکل نے۴۵؍ گیندوں پر۶۳؍رن میں ۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وراٹ  نے کپتان کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ۵۳؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۷۲؍ رن میں ۷؍ چوکے اور ۲؍چھکے لگائے۔
 پڈیکل اور وراٹ  نے دوسرے وکٹ کے لئے ۹۹؍رن کی میچ جتانے والی پارٹنرشپ کی۔ ایرون فنچ۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے ، پڈیکل اور وراٹ  نے مضبوط شراکت کی۔  پڈیکل کو جوفرا آرچر نے بولڈ کیا۔
 وراٹ نے میچ کا اختتام اے بی ڈی ویلیئرس کے ساتھ میچ کو۵؍ گیندیں باقی رہتے پہلے ہی ختم کردیا۔  ڈی ویلیئرس نے فتح کا چوکا لگایا اور ۱۰؍گیندوں  میں۱۲؍ رن بنا کر  ناٹ آؤٹ رہے۔وہ اس وقت اچھے فارم میںہیں۔ 
 اس سے قبل ابوظہبی میں  مہیپال لومرور کی۴۷؍رن کی شاندار اننگز اور راہل تیوتیا کے ناٹ آؤٹ۲۴؍ اور جوفرا آرچر کے ناٹ آؤٹ ۱۶؍رن کے تعاون سے راجستھان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ۶؍ وکٹ پر۱۵۴؍ رن کا قابل دفاع اسکور بنایا۔ راجستھان نے ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کی۔ راجستھان نے تیز گیندباز  انکت راجپوت کی جگہ اس میچ میں مہیپال لومرور کو ٹیم میں شامل کیا جنہوں نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۳۱؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ ۴۷؍ رن بنائے۔
 راہل تیوتیا نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کرتے ہوئے صرف ۱۲؍گیندوں میں ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۲۴؍رن بنائے۔ تیوتیا نے اننگز کے آخری اوور میں تیزگیندباز نودیپ سینی کی گیندوں پر مسلسل ۲؍ چھکے لگائے۔تیز گیندباز جوفرا آرچر نے ۱۰؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ۱۶؍ رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔
 سلامی بلے باز جوس بٹلر نے۱۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۲؍رن  بنائے۔ راجستھان ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے ۵؍ اور سنجو سیمسن ۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رابن اتھپا نے۲۲؍ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے۱۷؍ رن بنائے۔ ریان پیراگ نے ایک چھکے کی مدد سے ۱۸؍گیندوں پر۱۶؍رن بنائے۔ بنگلور کے لیگ اسپنر یزویندر چہل سب سے کامیاب گیندبازرہے۔ چہل نے ۴؍اوورس میں ۲۴؍رن دے کر ۳؍وکٹ  لئے۔ چہل نے سیمسن ، اتھپا اور لومرور کو آؤٹ کیا۔ اسورو اڈانا نے ۴۱؍ رن پر۲؍ وکٹ  لئے۔ انہوں نے اسمتھ اور پیراگ کو آؤٹ کیا جبکہ سینی نے بٹلر کو اپنا شکار بنایا ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK