Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجستھان میں ۱۵؍ وزیروں کی حلف برداری، سچن پائلٹ مطمئن، ۵؍حامی شامل

Updated: November 22, 2021, 9:54 AM IST | Agency | Jaipur

نوجوان لیڈر نے اسے پوری ریاست کیلئے مثبت پیغام قراردیا، وزیراعلیٰ کی نظر ۲۰۲۳ء کے الیکشن میں فتح  پر، کابینہ میں پسماندہ طبقات اور خواتین کی نمائندگی میں اضافہ

Chief Minister Ashok Gehlot with new ministers.Picture:INN
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نئے وزیروں کے ساتھ ۔ تصویر: پی ٹی آئی

  ان اطلاعات کے بعد کہ سنیچر کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر کابینہ کی میٹنگ میں تمام وزیروں  نے اشوک گہلوت کو اپنے استعفے سونپ دیئے تھے، اتوار کو گہلوت کابینہ میں  ۱۵؍ نئے وزیروں کی حلف برداری عمل میں آئی جن میں   ۱۱؍ کابینی درجے کے وزیر  اور۴؍ وزرائے مملکت  ہیں۔  نئے وزیروں کی شمولیت ۲۰۲۳ء کے انتخابات کو پیش نظر رکھ کر کی گئی ہے جس کا اشارہ وزیراعلیٰ  اشوک گہلوت کے اس بیان سے مل گیا کہ ۲۰۲۳ء میں ایک بار پھر کانگریس ہی  راجستھان میں حکومت بنائےگی۔   سابق نائب وزیراعلیٰ    سچن پائلٹ کی قیادت میں۱۸؍ اراکین اسمبلی کی بغاوت کے ۱۶؍ ماہ بعد  ہونے والی کابینہ کی اس توسیع  پر خود سچن پائلٹ  نے بھی اطمینان کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے   اس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پوری ریاست میں مثبت پیغام گیاہے۔  انہوں  نےبتایا کہ  وزارتی کونسل میں دلتوں، درج فہرست قبائل اور خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔  یہ کہتے ہوئے کہ پارٹی جو ذمہ داری دیگی اسے وہ نبھائیں  گے، پائلٹ نے واضح کیا کہ راجستھان کانگریس میںکسی طرح کی کوئی گروہ بندی نہیں ہے۔   واضح  رہے کہ نئی کابینہ  میں سچن پائلٹ کے ۵؍ حامی بھی شامل ہیں۔ رمیش مینا اور وشویندر سنگھ، جنہیں  گزشتہ سال کابینہ سے برطرف کر دیا گیا تھا،ان کی واپسی  ہیمنت چودھری کے ساتھ کابینی درجے کے وزیر  کے طور پرہوئی ہے۔  برجیندر سنگھ اولا اور مراری لال مینا کو وزیر مملکت بنایاگیاہے۔ کابینہ میں توسیع سے قبل وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ۲۰۲۳ء کے اسمبلی الیکشن کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہا ہے کہ راجستھان میں ایک بار پھر کانگریس ہی حکومت بنائے گی۔ تمام نئے وزیروں  کو مبارکباد دینے کیلئے ٹویٹر کا استعمال کرتے ہوئے گہلوت نے کہا ہے کہ متحد رہ کر وہ عوام کے اس اعتماد کو برقرار رکھیں گے جس کا اظہار انہوں  نے کانگریس کو اقتدار سونپ کر کیا ہے۔ کابینہ  میں  ایس سی ایس ٹی کی نمائندگی میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس ذرائع نے کہا ہے کہ یہ  ۲۰۲۳ء کے الیکشن کو ذہن میں رکھ کر کیاگیاہے۔  پارٹی اس بات کی کوشش کریگی کہ ۲۰۱۸ء کی طرح  ایک بار پھر اسے واضح اکثریت حاصل ہو۔  یاد رہے کہ سابق اسمبلی الیکشن میں ایس سی ایس ٹی کی زیادہ ترسیٹیں کانگریس نے جیتی تھیں  جس کی وجہ سے وہ بی جےپی کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہی تھی۔ اتوار کو جن ۱۵؍ وزیروں نے حلف لیا  ان میں  ۴؍ درج فہرست ذات سے اور ۳؍ درج فہرست قبائل سے تعلق رکھتے ہیں۔اسی طرح  اب گہلوت کابینہ میں کُل ۳؍ خواتین ہوگئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK