EPAPER
Updated: January 19, 2022, 8:27 AM IST | sanaa
باغیوں نے ۲۰؍ اموات کا دعویٰ کیا۔ حملے میں سابق فوجی افسر، بیوی اور ۲۵؍ سالہ بیٹے کے مارے جانے کی اطلاعات
:متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں تیل کے سرکاری ٹینکوں کو نشانہ بناکرپیر کو کئے گئے ڈرون حملے کا جواب دیتے ہوئے سعودی اتحاد نے منگل کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر بمباری کی ۔ سعودی میڈیا نے ابتدائی اندازوں کے مطابق اس فضائی حملے میں ۱۴؍ ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے جبکہ خود حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد ۲۰؍ ہے اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حملے میں سابق فوجی افسر کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایاگیا۔ خبررساں ایجنسی رائٹرز نے مقامی طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے میں مذکورہ افسر،اس کی بیوی اور ۲۵؍ سالہ بیٹا مارے گئے ہیں۔ حوثی گروپ کے نائب وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ سعودی اتحاد نے شہر کے مختلف علاقوں میں بمباری کی ہے جس میں کم وبیش ۲۰؍ افراد مارے گئے ہیں۔
حوثی باغیوں کے ٹی وی چینل المسيرہ نے بھی اپنی رپورٹ میں حملے میں درجنوں مکانات کے تباہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ عرب میڈیا نے سعودی اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی ہے کہ صنعاء میں فضائی کارروائی کے دوران حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ پیر کو ابو ظہبی پر ہونے والے حملے میں ۲؍ ہندوستانی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں بیان جاری کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسے دہشت گردوں کے حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔