EPAPER
Updated: April 09, 2020, 5:55 AM IST | Agency | New Delhi
اوپننگ بلے باز نے کہا:میرے اندر ابھی بھی کرکٹ باقی ہے اور میں چھوٹے فارمیٹ کا ایک ورلڈ کپ کھیلنے کا خواہشمند ہوں
ہندوستانی بلے باز رابن اتھپا نے ایک ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم میں لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ۳۴؍ سالہ اتھپا نے ہندوستان کی طرف سے اب تک۴۶؍ ون ڈے اور۱۳؍ ٹی ۲۰؍ مقابلے کھیلے ہیں اور وہ ۲۰۰۷ء میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹیم اور اسی سال منعقد ہوئے پہلے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی فاتح ہندوستانی ٹیم میں بھی شامل تھے ۔انہیں ۲۰۰۸ء کے وسط میں ہندوستانی ٹیم سے ہٹا دیا گیا تھا اور اکتوبر۲۰۱۱ء میں واپسی کے بعد وہ صرف ۸؍ ون ڈے اور ۴؍ ٹی۲۰؍ ہی کھیل پائے۔
رابن اتھپا نے كرك انفو سے بات چیت میں کہا کہ میں اب مسابقتی بننا چاہتا ہوں۔ میرے اندر اب بھی آگ باقی ہے اور میں واقعی اچھا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے پاس ایک ورلڈ کپ بچا ہے تو میں کوشش کر رہا ہوں اور خاص طور پر سب سے چھوٹے فارمیٹ میں کھیلنے پر توجہ دے رہا ہوں۔لیڈی لک یا خدا کی نعمت یا جو آپ کہیں بہت معنی رکھتا ہے اور خاص کر ہندوستان میں ۔
ٹاپ آرڈر کے بلے باز اتھپا نے اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں جب ۰۸۔۲۰۰۷ء میں ہندوستان کے لئے کھیل رہا تھا تب میں نے جتنے بھی رن بنائے وہ اوپننگ کرتے ہوئے بنائے، جس کے بعد واپسی کرتے ہوئے مجھے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرائی گئی جو ایک طرح سے درست نہیں تھی۔ میں نے اپنے ابتدائی کریئر کے زیادہ تر رن اوپننگ کرتے ہوئے بنائے اور واپسی کے دوران مجھ سے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی بھی لگتا ہے کہ چیزیں ان کے حق میںآ سکتی ہیں اور وہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں اور اس میں بہت بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
اتھپا نے ہندوستان کی طرف سے اب تک۴۴؍ون ڈے مقابلوں میں۲۵ء۹۴؍ کے اوسط سے۹۳۴؍رن بنائے جبکہ ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں انہوں نے۱۱۸؍ کے اسٹرائک ریٹ اور۲۴ء۹۰؍ کے اوسط سے۲۴۹؍ رن بنائے ہیں ۔وہ آئی پی ایل کے آغاز میں رائل چیلنجرز بنگلور اور بعد میں طویل وقت کے لئے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے لئے کھیلے جس کے بعد انہیں گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی آئی پی ایل نیلامی میں راجستھان رائلز نے خرید لیا۔