EPAPER
Updated: December 21, 2020, 10:23 AM IST | Agency | Rome
سیری اے لیگ کے میچ میں یووینٹس نے پارماکو صفر۔۴؍ سے شکست دےدی
اٹلی کی گھریلو فٹبال لیگ سیری اے میں یووینٹس فٹبال کلب نے پارما فٹبال کلب کو صفر۔۴؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس میچ کے ہیر و ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو رہے جنہوں نے ۲؍شاندار گول کئے۔ اس فتح کے بعد یو وینٹس فٹبال کلب۱۳؍میچوں میں ۲۷؍پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ اے سی میلان اپنی ٹاپ پوزیشن پر قابض ہے اور دونوں کے درمیان ۴؍ پوائنٹس کا فرق ہے۔ اے سی میلان کے ۳۱؍پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبرپر اے سی میلان کی روایتی حریف ٹیم انٹر میلان ہے جس کے ۱۳؍میچوں میں ۲۸؍پوائنٹس ہیں۔ یووینٹس اور انٹر میلان کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ سیری اے کا یہ میچ پارما فٹبال کلب کے میدان پر ہورہا تھا اور اس مقابلے میں میزبان کلب گول کرنے میں ناکام رہا۔۲۳؍ویں منٹ میں یووینٹس کی جانب سے پہلا گول دیان کولوسیوسکی نے کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد الیکس سینڈرو نے کی۔ اس گول کے ۳؍منٹ بعدرونالڈو نے اپنا کھاتہ کھولا اور الواروموراتا کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔ انہوں نے شاندار ہیڈر کے ذریعہ یہ گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ میچ کے فرسٹ ہاف کے اختتام پر اسکور صفر۔۲؍ رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی یووینٹس کے کھلاڑیوں نے پارما کے گول پر چڑھائی کی اور مسلسل حملے جاری رکھے۔ اس ہاف میں بھی یووینٹس کے سبھی کھلاڑی مسلسل حملے کئے جارہے تھے اور اس دوران رونالڈو کو کامیابی ملی۔ ایرون رامسے کے پاس پر پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار کھلاڑی نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کا اسکور صفر۔۳؍کردیا۔ اس گول کے بعد پارما کی ٹیم کے حوصلے پست ہوگئے اور اس نے اسی وقت ہار مان لی ۔ میچ کے آخری لمحات میں الوارو موراتا نے رہی سہی کسربھی پوری کردی اور ایک گول کردیا۔ ۸۶؍ویں منٹ میں اسپینش کھلاڑی نے فیڈریکو کی مددسے ٹیم کا چوتھا گول کیا۔ اس گول کے بعد کوئی اور گو ل نہیں ہوسکا اور ریفری نے وہیسل بجا دی۔ یووینٹس فٹبال کلب نے یہ میچ صفر۔۴؍ سے جیت لیا۔ اس میچ میں ۲؍گول کرنے کے ساتھ ہی رونالڈو سیری اے کے اس سیزن کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ انہوں نے ۹؍میچوں میں اب تک ۱۲؍گول کئے ہیں۔ ایک گول کرنے میں انہوں نے دیگر کھلاڑی کی مدد کی ہے۔ انہو ںنے ۳۵؍فیصد شاٹس گول پر لگائے ہیں۔ ۳۴؍فیصد شاٹس کو گول میں تبدیل کیاہے۔ یووینٹس کے ہیڈکوچ اور سابق اطالوی کھلاڑی اینڈریا پرلو نے کہا’’رونالڈو کو پنالٹی نہیں دینے پر غصہ آیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ہم دونوں نے بات چیت کی اور اس کے بعد گول کرنے کے بارے میں طویل گفتگو کی۔ اس کے بعد سے رونالڈو بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور مسلسل گول کررہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا’’گزشتہ بدھ کو اٹلانٹا کے ساتھ ہونے والے میچ میں ہمیں پوائنٹس کا نقصان ہواتھا اور میں اس سے مایوس تھا۔ حالانکہ ہمارے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا اور میں ان کے کھیل سے بہت خوش تھا۔ میں چاہوں گاکہ سبھی کھلاڑی ایسی ہی کارکردگی دُہراتےرہیں اور ٹیم کو ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دیں۔ ‘‘