EPAPER
Updated: December 14, 2021, 12:09 PM IST | Agency | Neon
چمپئن لیگ کے ڈرا میں یونائٹیڈ اور پیرس سینٹ جرمین کو غلط پوٹ میں رکھا گیاتھا۔ ریئل اور پیرس کی ٹکر ۔یونائٹیڈ کا ایٹلیٹیکو سے میچ
تکنیکی خرابی کی وجہ سے فٹبال شائقین کچھ گھنٹو ںکیلئے خوش ہوگئے تھے کیونکہ انہیں کئی مہینوں کے بعد فٹبال کے موجودہ اسٹارس لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو میں مقابلہ دیکھنے کا موقع میسر آیا تھا۔ پیر کو چمپئن لیگ کےراؤنڈ۱۶؍ کا ڈرا نکالا گیا تھا جس میں تکنیکی مسئلہ کی وجہ سے مانچسٹر یونائٹیڈ اور پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) کا مقابلہ قرا ر دیا جارہا تھا لیکن بعد میں یوئیفانے اس کی تصحیح کرتے ہوئے کہاکہ ابتدائی ڈرا میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے یہ غلطی ہوگئی۔ راؤنڈ ۱۶؍میں پیرس سینٹ جرمین کا مقابلہ ریئل میڈرڈ فٹبال کلب سے ہوگا اور مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب سے مقابلہ کرے گی۔ یوئیفا کے مطابق مانچسٹر یونائٹیڈ اور ویلا ریئل کے نام کی گیند کو ایک ہی پاٹ میں رکھا گیا تھا جبکہ یہ دونوں ایک ہی گروپ میں تھے اور انہوں نے لیگ میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ یونائٹیڈ کو لیورپول اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے پاٹ کی ٹیم سے مقابلہ کرنا تھا۔یوئیفا نے اس غلطی کو تسلیم کیا اور دوبارہ ڈرا نکالا۔ یوئیفا نے کہاکہ اگلے مقابلوں میں اس طرح کی تکنیکی شکایت کو دور کیا جانا چاہئے ۔ یوئیفا نے کہاکہ ہم اس کیلئے معذرت کرتے ہیں۔ ڈرا کے مطابق راؤنڈ ۱۶؍ کا پہلا لیگ ۱۵، ۱۶، ۲۲؍ اور ۲۳؍فروری کو کھیلا جائےگا۔ اس راؤنڈ کا دوسرا لیگ ۸، ۹، ۱۵؍ اور ۱۶؍ مارچ ۲۰۲۲ء کوکھیلا جائے گا۔ چیلسی واحد انگلش ٹیم ہے جو اپنے پہلے مرحلے کا میچ گھریلو میدان اسٹیمفورڈ بریج پر کھیلے گی۔ اس بار چمپئن لیگ میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے اور بیرون شہر گول کے ضابطہ کو نکال دیا گیاہے۔ اگر فُل ٹائم تک بھی میچ برابر رہتا ہے تو میچ میں اضافی وقت کا سہارا لیا جائےگا۔ اگر ۳۰؍منٹ میں بھی کوئی ٹیم نہیں جیتتی ہے تو میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ چمپئن لیگ کے اس سیزن کا فائنل روس کے سینٹ پیٹرسبرگ کے اسٹیڈیم میں ۲۸؍مئی ۲۰۲۲ء کو کھیلا جائے گا۔ انگلش پریمیرلیگ کے کلب چیلسی کی ٹیم اس بار دفاعی چمپئن ہے۔