EPAPER
Updated: January 25, 2021, 2:30 PM IST | Agency | Santiago/Chile
ہندوستان کی جونیئر ٹیم نے صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ سنگیتا اور سشما کماری نے چوتھے کوارٹر میں ایک ایک گول کیا
ہندوستان کی خاتون ہاکی جونیئر ٹیم نے اپنی اچھی کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے چلی کی سینئرٹیم کو ایک بے حد سخت مقابلے میںصفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔ چلی کے دورے پرجانےوالی جونیئر خاتون ہاکی ٹیم نے یہاں ہفتے کو پرنس ویلس کنٹری کلب کے میدان پر ۵؍ویں میچ میں میزبان ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔ جنوبی امریکہ کے ملک چلی کے دارالحکومت سینٹیاگو میں کھیلے جانےوالے اس میچ میں ہندوستان کی جانب سے پہلا گول سنگیتا کماری نے۴۸؍ ویں منٹ میں کیا جبکہ سشما کماری نے ۵۶؍ ویں منٹ میں گول کیا۔ دونوں ہی گول میچ کے آخری کوارٹر میں کئے گئے۔ میچ کی شروعات ہی سے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا اور پہلے۳؍ کوارٹر میں دونوں ٹیموں میں سے کسی نے بھی گول نہیں کیا حالانکہ دونوں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے تھے۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان کو دو پنالٹی کارنر ملے لیکن ٹیم انھیں گول میں تبدیل نہیں کر پائی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی ٹیم گول نہیں کر پائی۔ اس کے بعد میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں ہندوستان کے کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ گول کئے اورصفر۔۲؍سے میچ اپنے نام کرلیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ہندوستان کی جونیئر ٹیم نے ۲۔۲؍گول سے ڈرا کیا تھا۔ میچ کے بعد سنگیتا کماری نے کہاکہ ٹیم کیلئے گول کرکے بہت خوشی ہوتی ہے اور آخری میچ جیت کر بہت خوش ہیں۔