Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی ٹیم ۱۰۰۰؍ ویں یکروزہ میچ میں فتح کی متمنی

Updated: February 06, 2022, 9:25 AM IST | ahmedabad

آج سے ہندوستان اور ونڈیز کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز۔ روہت شرما پہلی بار مستقل کپتان کی حیثیت سے ٹیم کی قیادت کیلئے تیار

Indian team.
ہندوستانی ٹیم

یہاں نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوارکوویسٹ انڈیز کے خلاف ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے کئی لحاظ سے خاص ہوگا۔ یہ میچ ہندوستان کیلئے سب سے خاص ہے کیونکہ یہ ٹیم کا۱۰۰۰؍ واں ون ڈے میچ ہوگا اور وہ اسے جیت کر اور بھی خاص بنانا چاہے گی ۔
 ہندوستانی ٹیم نے اب تک ۹۹۹؍ ون ڈے کھیلے ہیں، جس میں اس نے۵۱۸؍ جیتے ہیں اور ۴۳۱؍ ہارے ہیں جبکہ ۹؍ میچ ٹائی اور۴۱؍ بے نتیجہ رہے ہیں۔ ون ڈے میں ہندوستان کی مجموعی جیت کا فیصد۵۴ء۵۴؍ ہے۔ دوسری خاص بات یہ ہے کہ وائٹ بال ٹیم کے نئے مقرر کردہ کپتان روہت شرما اتوار کے میچ کے ساتھ تمام وائٹ بال فارمیٹس میں اپنا کردار مکمل طور پر سنبھالیں گے  تاہم  انہیں سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جس نے گزشتہ ٹی ۲۰؍  سیریز میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک انگلینڈ کو ۲۔۳؍  سے شکست دی تھی، اچھے فارم میں نظرآرہی ہے۔روہت کیلئے بحیثیت کپتان سب سے بڑا مسئلہ ٹیم میں صحیح تال میل تلاش کرنا ہوگا۔ سب سے پہلے اوپنر کی بات آتی ہے۔ درحقیقت  اوپنرز شکھر دھون اور ریتوراج گائیکواڑ اور شریس  ایّر سمیت کئی ہندوستانی کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ایسے میں مینک اگروال کو ہنگامی بنیاد پر ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے  تاہم وہ فی الحال قرنطینہ میں ہیں جب کہ لوکیش راہل دوسرے ون ڈے سے ٹیم میں شامل ہوںگے۔ساتھ ہی ون ڈے ٹیم کے چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو بھی واپس آئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے پچھلے ۶؍ مہینوں میں کسی قسم کا مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلا ہے لیکن ہندوستان کو درمیانی اوورس میں وکٹ لینے کے متبادل کی اشد ضرورت ہے اور ان کے پاس ایسا کرنے کا ریکارڈ ہے۔ بلے بازی کے محاذ پر راجستھان کے جارحانہ بلے باز دیپک ہڈا کو بھی پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے۔روہت نے سنیچر کودونوں اسپنرس یزویندر چہل اور کلدیپ یادو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں کو دوبارہ ساتھ لانا چاہتے ہیں۔ نومنتخب کپتان نے وضاحت کی کہ دونوں کلائی کے اسپنرس کو اس لئے ریلیز کیا گیا  تھاکیونکہ ہندوستان مختلف کمبی نیشن چاہتا تھا جیسے کہ پلیئنگ الیون میں ایک اضافی بلے باز یاگیندباز،اب یہ دونوں اسپنرس ٹیم کی جانب سے کھیلیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK