EPAPER
Updated: July 21, 2021, 1:12 AM IST | Colombo
دوسرے یکروزہ میں دونوں گیندبازوں نے لنکا کے ۳۔۳؍کھلاڑیوںکو پویلین بھیج دیا۔ چریتھ اور اویشکا نے نصف سنچری بنائی
منگل کو ہونے والے دوسرے یکروزہ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے یزویندر چہل اور بھونیشورکمار نے اچھی گیندبازی کرتے ہوئے سری لنکا کے۳۔۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۹؍وکٹ کے نقصان پر ۲۷۵؍ رن بنائے۔ اخبار پرنٹ میں جانے تک ہندوستان نے ۲۷۶؍رن کے تعاقب میں ۲؍ وکٹ پر۹؍اوور میں ۵۶؍رن بنالئے تھے۔ اس وقت کریز پر شکھردھون ۲۷؍رن اورمنیش پانڈے ۱۰؍رن بناکر بلے بازی کررہے تھے۔ پرتھوی شا نے ۱۳؍رن اور ایشان کشن نے ایک بناکر پویلین کی راہ لی۔
منگل کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کافیصلہ کیا۔ اس کے اوپننگ بلے بازوں نے اچھا آغاز فراہم کیا۔ اس کا پہلا وکٹ ۷۷؍رن کے اسکور پر گرا۔ منود بھانوکا ۳۶؍ رن بناکر یزویندرچہل کا شکار بنے۔ انہوںنے ۴۲؍ گیندوں کا سامناکیا اور۶؍چوکے لگائے۔ اس کے بعد بھانو کا راج پکسا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اویشکا فرنانڈو اور دھننجئے ڈی سلوا نے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا اور رنوں کی رفتار بھی کم نہیں ہونے دی۔ ۱۲۴؍رن کے مجموعی اسکورپر اویشکا فرنانڈو آؤٹ ہوگئے اور پویلین لوٹنے سے پہلے انہوں نے نصف سنچری مکمل کرلی۔ انہوںنے ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۰؍رن بنائے۔ اس کے بعد دھننجئے اور چریتھ اسالنکا نے سری لنکا کو اچھے اسکور تک پہنچانے کیلئے پوری کوشش کی۔ دھننجئے نے ۴۵؍گیندوں پر ۳۲؍رن بنائے اور ٹیم کیلئے اچھی کوشش کی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد چریتھ نے اچھی بلے بازی کی لیکن دوسرے کنارے سے انہیں تعاون نہیں ملا۔ کپتان داسن شناکا ۱۶؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد واریندو ہسا رنگا بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے اور ٹیم کیلئے ۸؍رن کا تعاون کیا۔ اس دوران چریتھ بھی ۶۸؍گیندوں پر ۶؍چوکوں کی مدد سے ۶۵؍رن بنانے میں کامیاب رہے۔ لوور آرڈر نے مایوس کیا اور دُشمنتا چمیرا نے ۲؍رن بنائے۔ ان کے بعد لکشن سنداکن بھی صفر پر آؤ ٹ ہوگئے۔ وہ ۹؍ ویں وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور ۲۷۵؍رن تھا۔ چمیکا کرونا رتنے نے ۴۴؍رن اور کسون رجیتھا نے ناٹ آؤٹ ایک رن بنائے۔ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار نے ۵۴؍رن دے کر ۳؍وکٹ لئے۔یزویندر چہل نے ۱۰؍اوور میں ۵۰؍ رن دیئے اور ۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تیز گیندباز دیپک چہر نے بھی اچھی بولنگ کی اور ۸؍اوور ڈالے اور ۵۸؍ رن دے کر ۲؍وکٹ لئے۔ ہاردک پانڈیا ، کلدیپ یادو اور کرونا ل پانڈیا کی جھولی خالی رہی ۔