Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہماری توجہ اشون اور جڈیجا پرمرکوز: ہینری

Updated: May 27, 2021, 2:01 PM IST | Agency | New Delhi

نیوزی لینڈ کے بلے باز نے کہا: ہندوستان کا تیز گیندبازی حملہ بہت اچھا ہے لیکن ہمیں ۲؍اسپنرکیلئے خاص حکمت عملی بنانی ہوگی

Henry Nicholls. Picture:INN
ہینری نکولس۔تصویر :آئی این این

نیوزی لینڈ کے بلے باز ہینری نکولس نے ہندوستانی تیز گیندبازوں کی صلاحیت کو اپنے ملک کے سوئنگ کرنے والے گیندبازوں کی صلاحیت کے برابر قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ  (ڈبلیو ٹی سی ) کے فائنل میں ۲؍اسپنر روی چندر ن اشون اور رویندرجڈیجا سے سب سے زیادہ خطرہ ہے اورسبھی اس کی فکرکررہے ہیں۔  ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل ۱۸؍جون ۲۰۲۱ء کو ساؤتھمپٹن کے ایجز باؤل میں کھیلا جائے گا۔ عام طورپر اس اسٹیڈیم کا وکٹ اسپن گیندبازوں کیلئے سازگار قرار دیاجاتاہے۔ بلیک کیپس (نیوزی لینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم ) میں فارم میں کھیلنے والے ہینری نکولس  نے کہا ’’ہندوستانی ٹیم کے پاس  اچھا تیز گیندبازی حملہ ہے اور اس کے پاس اشون اور جڈیجا جیسے تجربہ کار اسپنر بھی موجو دہیں۔ انہوں نے پوری دنیا میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلا ہے۔ ہندوستان کا گیندبازی حملہ بہت اچھا ہے۔ ‘‘ اگر چوٹ کی شکایت نہیں ہوئی تو ۱۸؍ جون  سے شروع ہونے والے فائنل کیلئے ہندوستانی ٹیم تیز گیندبازی حملے میں جسپریت بمراہ ، ایشانت شرما اور محمد سمیع کے ساتھ میدان پر اترسکتی ہے۔ نکولس نے کہا کہ  بمراہ  اور ایشانت شرما نے گزشتہ چند برسوں میں محمد سمیع کے ساتھ بہت اچھی بولنگ کی ہے اور انہوں نے حریف ٹیموں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکیاہے۔ہمارے تیز گیندبازوں (ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر )  ان تینوں کے برابر ہیں۔ ہمیں اپنے گیندبازوں پر فخر ہے۔ 
 نیوزی لینڈ کیلئے ۳۷؍ٹیسٹ میچوں میں ۴۳؍ کے اوسط سے رن بنانے والے ۲۹؍سالہ بلے باز نے کہاکہ ایسے میںآپ ویسی ہی گیندبازی کا سامنا کررہے ہیں تو یہ بہت دلچسپ بات ہوگی۔یہ ایک اچھا چیلنج ہوگا۔ایک ٹیم کی  حیثیت سے یہ بہت مشکل مرحلہ ہوگا لیکن ہم اس کیلئے تیار ہیں اور ہم نے اس کی تیاری بھی کرلی ہے۔ ٹیم میں ان کے ساتھی بلے بازڈیوون کون وے نے پچ پر مٹی کا برادہ ڈالا تھا اور نکولس نے ان کی اس کی حکمت عملی کی حمایت کی تھی۔  انہوںنے کہاتھا کہ ہم ایسے مقام پر کھیلیں گے جو غیرجانبدار ہے ۔یہاں اسپنر اچھی بولنگ کرتے ہیں۔
 نکولس ہینری نے کہا’’انگلینڈ آنے سے قبل ہم نے پریکٹس کیمپ میں ایسا تجربہ کیا تھا۔ اس سے ہم زیادہ اسپن لینے والی گیندوں کا سامنا کرنےمیں کامیاب رہے تھے۔ کون وے کی حکمت عملی سے ہمیں معلوم ہوگاکہ انگلینڈ میں کس طرح کے وکٹ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں اشون اور جڈیجا کی اسپن گیندبازی کے خلاف تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘ خیال رہے کہ نکولس ہینری ۲۰۲۰ء میں اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ہندوستان کو گھریلو ٹیسٹ سیریز کے ۲؍میچوں میں ۳؍دن میں شکست دی تھی۔ اس سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں اعتماد ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک زبردست چیلنج ہے کیونکہ ہم ایک غیرجانبدار مقام پر کھیلنے والے ہیں جہاں دونو ں ٹیموں کیلئے ایک جیسے حالات ہوں گے۔ 
 ہینری نکولسنے کہا’’ہم نے ایک سیزن قبل ہندوستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ لیکن ہم یہ جانتے اور تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ایک الگ طرح کا چیلنج ہے۔ ایک ٹیم کی شکل میں اس سیزیز میں ہندوستان کے خلاف ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔ ظاہرہے کہ نمبروَن اور نمبر۲؍ کا فائنل کھیلنا بھی دلچسپ ہے۔ ‘‘ گزشتہ ۳؍ٹیسٹ  (۴؍اننگز میں ) میں ۲؍سنچری  اور ایک نصف سنچری بنانے والے نکولس نے کہا’’یہ اچھا ہے کہ میں نے کچھ اننگز میں اچھی بلے بازی کی، اس سے پہلے بھی میں اچھا کھیل پایا تھا تاہم اس وقت  اسے بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا تھا۔ کریز پر تھوڑا وقت گزارنے کے بعد میری کوشش طویل اننگز کھیلنے کی ہوتی ہے۔ گرمیوں کے سیزن میں کچھ اننگز میں ایسا کرنے کی خوشی ہے۔ کچھ ٹیسٹ میں کامیابی سے میری اننگز کو اچھا قرار دیاجائے گا تو میں بہت خوش ہوجاؤں گا ۔ ہم فائنل کیلئے تیار ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK