EPAPER
Updated: May 10, 2020, 1:02 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے خزانچی ارون دھومل نے جمعہ کو کہا کہ اس سال آسٹریلیا میں ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کا امکان کم ہے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے خزانچی ارون دھومل نے جمعہ کو کہا کہ اس سال آسٹریلیا میں ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کا امکان کم ہے۔
دھومل نے سڈنی مارننگ ہیرالڈ سے کہا کہ آسٹریلیا میں اکتوبر-نومبر میں ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کا امکان کم ہی ہے۔ایسا صرف سفر کی پابندیوں کی وجہ سے نہیں ہے۔کھلاڑی طویل عرصے سے کرکٹ سے دور ہیں ۔ کیا یہ ممکن ہو گا کہ وہ بغیر کسی تیاری کے براہ راست اترکر ورلڈ کپ میں حصہ لیں۔ اس بارے میں تمام کرکٹ بورڈس کو فیصلہ کرنا ہوگا۔اکتوبر نومبر میں اس کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے مستقبل پر کورونا وائرس کے خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں اور ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو پائے گا یا نہیں۔کرکٹ اس وقت دنیا بھر میں ٹھپ پڑا ہے، ہندوستان میں آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا جا چکا ہے، کئی ٹیسٹ سیریز ملتوی ہو گئی ہیں، انگلینڈ نے اپنے اہم ٹورنامنٹ هنڈریڈ کے پہلے ورژن کو۲۰۲۱ء تک کیلئے ملتوی کر دیا ہے اور آئی سی سی کو اپنے مستقبل دورہ پروگرام میں۲۰۲۳ء تک ردو بدل کرنا پڑ سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کال بیک کا خیال ہے کہ اکتوبر نومبر میں ان کے ملک کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ میں ٹیمیں نہیں ناظرین بڑا مسئلہ رہیں گے۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حالیہ ایک اجلاس میں کہا تھا کہ ۱۶؍ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔لیکن ورلڈ کپ کی قسمت پر آخری فیصلہ اگست میں ہی ہو پائے گا۔ کال بیک کا خیال ہے کہ حل نکالا جا سکتا ہے اور یہ دیکھنا ہوگا کہ ورلڈ کپ ناظرین کے بغیر کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔