EPAPER
Updated: January 22, 2021, 2:21 PM IST | Agency | Bangkok
تھائی لینڈ اوپن میں ساتوک اور اشونی پونپا کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں قدم رکھا
ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی سمیر ورما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کے ریسمس گیمکے کو جمعرات کو مسلسل سیٹوں میں شکست دے کر ٹویوٹا تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ ایچ ایس پرنئے کو دوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سمیر نے دوسرے راونڈ میں گیم کو ۳۹؍ منٹ میں۹۔۲۱،۱۲۔۲۱؍سے شکست دی ۔ اب سمیر کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں تیسری سیڈ ڈنمارک کے اینڈرس انٹونسن سے ہوگا۔ انتونسن کو ہندوستان کے کدامبی سری کانت سے دوسرے راؤنڈ میں واک اوور ملا تھا۔ پرنئے کو ملائشیا کے لیو ڈیرن نے دوسرے راؤنڈ میں۱۸۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔مکسڈ ڈبلز میں ساتوکسراج رینکی ریڈی اور اشونی پونپا کی جوڑی نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ہندوستانی جوڑی نے جرمنی جوڑی مارک لیمسفس اور ایسابیل ہرٹرچ کو ۵۶؍منٹ میں شکست دی۔ کوارٹرفائنل میں ہندوستانی جوڑی کا مقابلہ پانچویں سیڈ ملائیشیائی جوڑی چان پینگ سون سے ہوگا۔ مردوں کے ڈبلز میں ساتووک اور چراغ کی جوڑی نے ساتویں کوریائی جوڑی چوئی سولگیو اور سیو ریونگ جئی کو ۴۰؍ منٹ میں۲۱۔۲۳، ۱۸۔۲۱؍ سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔ ساتووک اور چراغ کا کوارٹرفائنل میں ملائیشیا کی جوڑی اونگ یوسن اور تیوایوی سے مقابلہ ہوگا۔ مردوں کے ڈبلز میں ایک دیگر ہندوستانی جوڑی ایم آر ارجن اور دھرو کپل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔