EPAPER
Updated: April 19, 2020, 1:28 PM IST | Agency | New Delhi
اظہرالدین نے دھونی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا :سلیکٹرس ٹیم میں شامل کرنے کیلئے کھلاڑی کی کارکردگی کو دیکھیں گے
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کورونا وائرس کے باعث غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کے بعد تجربہ کار سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی میدان لوٹنے کی خو اہش اب تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر محمد اظہرالدین کا ماننا ہے کہ طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی آسان نہیں ہے۔
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے کہا کہ پریکٹس کرنا اور کرکٹ میچ کھیلنا دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ کتنا بڑا نام ہے ، کھلاڑی کے لئے میچ کو مستقل طور پر کھیلنا ضروری ہے۔
اظہرالدین نے کہا کہ دھونی جو چاہتے ہیں وہ مجھ سے بہتر وضاحت کرسکتے ہیں اور یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔ ابھی دیکھیں صورتحال ٹھیک نہیں ہے اس لئے آئی پی ایل نہیں ہو رہا ہے۔ میرے خیال میں معاملات کو حل کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا لیکن مہندر سنگھ دھونی کے لئے یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔
حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ سلیکٹرس یقینی طور پر کھلاڑی کی کارکردگی دیکھیں گے کیونکہ طویل وقفے کے بعد کھیلنا اتنا آسان نہیں ہے۔ میچ پریکٹس واقعی اہم ہے اور اس سے قطع نظر کہ آپ کتنے ہی بڑے کھلاڑی ہیں۔ آپ کو کچھ میچ کھیلنا ہوں گے۔ پریکٹس اور میچ کھیل کی دو مختلف چیزیں ہیں۔انہو ںنے کہاکہ آج ٹیم انڈیا میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہت زیادہ موقع دیا جارہا ہے اور دھونی ان کےساتھ تال میل نہیں بٹھا سکتے۔ ان پر سبھی طرف سے ریٹائرمنٹ کیلئے دباؤ بڑھتا جارہاہے لیکن میرا کہنا یہی ہے کہ وہ دھونی کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔