Inquilab Logo Happiest Places to Work

بابری مسجد کی شہادت کی ۲۹؍ویں برسی پر غم و اندوہ کی لہر، مالیگاؤںا ور ناندیڑ میں یوم سیاہ کا اہتمام

Updated: December 07, 2021, 8:15 AM IST | malegaon

مالیگاؤں: ملّی و سیاسی تنظیموں نے مطالباتی مکتوبات روانہ کیا اور مسجد کی بازیابی کا اعادہ کیا، ناندیڑ:کاروباریوں نے اپنے کاروبار بند رکھے اورسیاہ پرچم لہرائے

Most shops and businesses in Nanded were closed in protest.
ناندیڑ میں بیشتر دکانیں اور کاروبار احتجاجاً بند رکھے گئے تھے

۶؍ دسمبر کوبابری مسجد کی شہادت کی ۲۹؍ ویں  برسی کے موقع پر پورے ملک میںغم و اندوہ کا ماحول رہا۔ اس مناسبت سے جہاں مالیگاؤں میں عامتہ المسلمین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ملّی و سیاسی تنظیموں کی جانب سے مطالباتی مکتوبات روانہ کر کے بابری مسجد کی بازیابی کا اعادہ کیا گیا وہیں ناندیڑ میںیوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔یہاں بیشتر دکا نیں بطور احتجاج بند رہیں۔
 مالیگاؤں میںجنتادل سیکولر کی جانب سے بڑا قبرستان میں اجتماعی طور پر اذان دیئے جانے کا اہتمام کیا گیا۔ لوک سنگھرش سمیتی کی طرف سے سلیمانی چوک میں سہ پہر ۳؍ بج کر۴۵؍ منٹ پر اذان دی گئی۔ مقامی پولیس انتظامیہ نے راستوں پر اذان نہ دینے کی گزارش کی تھی۔ اہل مالیگاؤں نے بابری مسجد شہادت کی برسی پر روایتی طور پر احتجاج کے اقدامات کئے تھے۔
 مطالباتی خطوط پیش کرنے والی تنظیموں میں جمعیۃ علماء ہند، سنّی جمعیۃ الاسلام، اشرف اکیڈمی، تحفظ ملت ایکشن کمیٹی، بابری مسجد بچاؤ سنگھرش سمیتی، لوک سنگھرش سمیتی، کل جماعتی تنظیم اور ادارہ ابراہیم شامل ہیں۔۶؍ دسمبر کو مالیگاؤں کے رفیع احمد قدوائی روڈ، امام احمد رضا روڈ، اولڈ آگرہ روڈ، شہیدوں کی یادگار، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ کے اطراف میں پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھنڈوی اور اُن کے معاون افسران سیکوریٹی کی کمان سنبھالے ہوئے تھے جبکہ ایس پی سچن پاٹل مسلسل مالیگاؤں کے حالات سے واقفیت حاصل کر رہے تھے۔ مجموعی طور پر مالیگاؤں میں پر امن طور پر بابری مسجد کی یاد منائی گئی۔ 
 ناندیڑ میں ہر سال کی طرح امسال بھی ۶؍ دسمبر کو یوم سیاہ کے طورپر منایا گیا۔ اس موقع پر کاروباری اپنےکاروبار بند رکھے اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے۔ یہاں نئی آبادی ،محمد علی روڈ ،کھڑک پورہ ،پیر برہان ،لیبر کالونی ، مستان پورہ ،محبوبیہ کالونی ،ملت نگر،دِگلور ناکہ اور،منیار گلی وغیرہ مقامات پر پیر کو صبح ہی سے دکانیں بند رہیں۔
 دوسری طرف بابری مسجد شہادت کی برسی کو دیکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ نے بھی شہر میں سیکوریٹی انتظامات بڑھا دیئے تھے۔مقامی پولیس کے اہلکار شہر کے مختلف مقامات پر خا ص طورپر حساس مقامات پر تعینات کئے گئے تھے ۔شہرمیں امن امان بحال رہے  اور کہیں بھی کسی  طرح کی کوئی بد امنی نہ پھیلے، اس کا خاص خیال رکھا کیا  گیا تھا۔
 خیال رہے کہ گزشتہ ماہ  ناندیڑ میں تریپورہ میں فسادات کے خلاف منعقدہ مظاہرے کے دوران پتھراؤ ا ورتوڑپھوڑ کے معاملے سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے شہر میں حالات خراب ہوگئے تھے۔ ۶؍ دسمبر کو احتجاج کے دوران مسلمانوں نے امن و امان کا خاص خیال رکھاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK