EPAPER
Updated: December 04, 2020, 9:17 AM IST | Agency | Mumbai
ریاستی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کتابچہ کے اجراء کی تقریب میں وزیر اعلیٰ کا خطاب ، شرد پوار نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا ، کہا کہ’’ مہاوکاس اگھاڑی کی سرکار اگلے ۲۵؍ سال تک قائم رہے گی ‘‘
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک کتابچہ کا اجراء کرتے ہوئے نہ صرف اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا بلکہ اس پر یہ واضح بھی کردیا کہ ان کے ہاتھوں میں حکومت کا پورا پورا کنٹرول ہے اور ان کی سرکار ۵؍ سال آسانی سے پورے کرلے گی۔ اس موقع پر مہا وکاس اگھاڑی سرکار کے سرپرست اور این سی پی لیڈر شرد پوار بھی اسٹیج پر موجود تھے جبکہ ریاستی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور شیو سینا کو ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔ کانگریس لیڈر اور ریاستی وزیر بالا صاحب تھورات بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
’مہاراشٹر تھما نہیں ہے اور نہ ہی تھمے گا ‘ کے عنوان سے اپنی حکومت کی ایک سالہ کامیابی پر کتابچہ جاری کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے اپنے رنگ میں نظر آئے۔ انہوں نے اپنے مخالفین کی بولتی بند کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حامیوں کو یہ یقین بھی دلایا کہ وہ کبھی کمزور وزیر اعلیٰ ثابت نہیں ہوں گے بلکہ مخالفین کی سازشوں کا جواب انہیں اسی انداز میں دیں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کا نام لئےبغیر اس کے لیڈران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سرکار کو مخالفین کی جانب سے ۳؍ پہیہ کی سواری یعنی رکشا کہا جاتا ہے لیکن میں انہیں بتادینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت رکشا نہیں ہے بلکہ ۴؍ پہیے کی سواری ہے جس کا چوتھا پہیہ یا ستون مہاراشٹر کے عوام کا اعتماد ہے۔ ادھو ٹھاکرے کے مطابق یہ عوام کا رتھ ہے جو ۴؍ پہیوں پر ٹکا ہوا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ شرد پوار صاحب کی سرپرستی میں یہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔
ادھو ٹھاکرے نے اپنی سرکا رکا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر این سی پی چیف شرد پوار اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار جی ہمیشہ بہتر مشورے دینےکیلئے تیار رہتے ہیں جبکہ سونیا گاندھی جی بھی ہم سے عوامی فلاح کے موضوعات پر اکثر گفتگو کرتی رہتی ہیں جس سے ہمیں حکومت چلانے میں کوئی دقت نہیں آتی ۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی سرکار کے وزراء کی بھی تعریف کرتےہوئے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہیں۔ مجھے کسی کو بھی یہ بتانے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے کہ اس کا کام کیا ہے ، ہماری سرکار کی یہی خوبی ہے کہ ہمارے پاس قابل اعتماد اور با صلاحیت ساتھی ہیں جو مل جل کر سرکار چلانا جانتے ہیں۔ ادھو نے اس دوران لطیف طنز کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ویسے بھی مجھے بار بار کسی کو فون کرنے کی اور اپنی اہمیت ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور یہ بھی حقیقت ہےوزارت داخلہ میرے پاس نہیں ہے۔
این سی پی چیف شرد پوار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے کو کامیابی کے ساتھ سرکار میں ایک سال مکمل کرنے کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ یہ سرکار ۵؍ سال پورے کرے گی بلکہ اب مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ یہاں سے ہم سرکار کے ۲۵؍ سال تک قائم رہنے کی بنیاد ڈال رہے ہیں۔ شرد پوار نے تینوں پارٹیوں کے لیڈران اور چھوٹی حامی پارٹیوں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ جس انداز میں اور امدادباہمی کے اصول پر یہ سرکار چلائی جارہی ہے اس سے مجھے پورا یقین ہے کہ مہاراشٹر اب بہت تیزی کے ساتھ ترقی کرے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ تقریب میں بالا صاحب تھورات اور دیگر لیڈران موجود تھے۔