EPAPER
Updated: July 23, 2021, 9:34 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai
گزشتہ ہفتہ ہی ایس ایس سی کےنتائج کی ویب سائٹ کریش ہونے سےاسٹیٹ بورڈ کو تنقیدوں کاسامنا کرنا پڑاتھا۔ اب کامن انٹرنس ٹیسٹ کے رجسٹریشن کے وقت سرور پر لوڈ پڑنے سے ویب سائٹ کام نہیں کررہی ہے
:گزشتہ ہفتے ہی ایس ایس سی کے نتائج کی ویب سائٹ کام نہ کرنے سےاسٹیٹ بورڈ کو طلبہ ،والدین اور اساتذہ کی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ ابھی یہ ناراضگی ختم بھی نہیںہوئی تھی کہ سی ای ٹی کیلئے رجسٹریشن کی ویب سائٹ کریش ہونے سے ایک مرتبہ پھر بورڈ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ متعلقہ ویب سائٹ کام نہ کرنے سے طلبہ او ر والدین ۲؍دن سے پریشان ہیں۔ طلبہ رجسٹریشن کیلئے کبھی موبائل میںکوشش کررہے ہیں تو کبھی سائبر کیفے کا چکر لگا رہے ہیںمگرانہیں مایوسی ہاتھ آرہی ہے۔ ۱۹؍ تا ۲۶؍ جولائی کے درمیان رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کرنی ہے ۔ ۲؍دن ضائع ہونےسے طلبہ ، والدین اور تعلیمی تنظیمیں رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کامطالبہ کررہی ہیں۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ ( ایم ایس ای آر ٹی) نے ۱۹؍جولائی کو مذکورہ ویب سائٹ شروع کی تھی لیکن گز شتہ ۲؍ دن سے ویب سائٹ اوپن نہیں ہورہی ہے جس سے طلبہ اور والدین پریشان ہیں۔واضح رہےکہ گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئےحکومت نے کامن انٹرنس ٹیسٹ (سی ای ٹی)منعقد کرنے کا اعلان کیاہے جس کا انعقاد اسٹیٹ بورڈ کرے گا۔ اس کیلئے رجسٹریشن کی کارروائی کاآغاز ۱۹؍جولائی سے ہوچکا ہے مگر ویب سائٹ کام نہ کرنے سے رجسٹریشن کی کارروائی میں دشواری آرہی ہے۔ کوروناوائرس کی وجہ سے ایس ایس سی امتحانات منسوخ کرکے طلبہ کو پروموٹ کرنےکی وجہ سے امسال ایس ایس سی کا رزلٹ ۹۹ء۹۵؍فیصد آیا ہے۔ تقریباً ۱۵؍لاکھ طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ اب گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے ان طلبہ کو متبادل سی ای ٹی دینا ہے ۔ جو طلبہ سی ای ٹی میں شریک ہوںگے ، انہیں گیارہویں جماعت میں داخلے میں ترجیح دی جائے گی۔ اس لئے سی ای ٹی میں شرکت کے متمنی طلبہ کی تعداد زیادہ ہے۔سی ای ٹی کیلئے رجسٹریشن کی خاطر ایک ساتھ بڑی تعداد میں ویب سائٹ اوپن کرنےکی کوشش سے ویب سائٹ شروع نہیںہورہی ہے۔
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے اس تعلق سے کہا کہ ’’اسٹیٹ بورڈ کو پوری تیاری کےبعد ہی اس بارے میں اعلان کرناچاہئے ورنہ طلبہ اور والدین پریشان ہوتےہیں۔ ایس ایس سی کےرزلٹ کے تعلق سے بھی ایساہی ہوا اور اب سی ای ٹی کیلئے رجسٹریشن کےموقع پر بھی ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے طلبہ اور والدین دقتوںکا سامنا کررہے ہیں۔ متعدد طلبہ او ر والدین فون کرکے دریافت کررہے ہیں کہ ویب سائٹ کیوں نہیں چل رہی ہے ۔ ویب سائٹ نہ چلنے سے طلبہ اور سرپرست گزشتہ ۲؍دن سے موبائل ، لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر اور سائبر کیفے سے متواتر رجسٹریشن کرنے کی جدوجہد کررہےہیں مگر انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عید قرباں کے باوجود طلبہ رجسٹریشن کیلئے سائبر کیفے کا چکر لگا رہے ہیں لیکن ابھی تک متعلقہ ویب سائٹ فعال نہیں ہوسکی ہے ۔ ۲۶؍جو لائی تک فارم پُر کرنا ہے۔ ایسےمیں اسٹیٹ بورڈ سے اپیل ہے کہ وہ رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کرے تاکہ کوئی بھی طالب علم رجسٹریشن کرنے سے محروم نہ رہ جائے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ایسی بھی شکایت ملی ہے کہ مذکورہ رجسٹریشن فار م میں اصلاح کی گنجائش نہیں ہے۔ اگر طالب علم سے فارم پُر کرنے میں کوئی غلطی ہوتی ہے تو ا س کی اصلاح کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے جوکہ ہونا چاہئے ۔‘‘
بی جے پی شکشک اگھاڑی کے انل شیونکر نے کہاکہ ’’جس روز ایس ایس سی رزلٹ جاری ہونے والاتھا اس دن بھی ویب سائٹ کریش ہوگئی تھی۔ اب سی ای ٹی کے رجسٹریشن کی ویب سائٹ بھی کام نہیں کررہی ہے ۔ اس سے یہ اندازہ ہوتاہےکہ آن لائن کام کیلئےحکومت نے جو سہولیات فراہم کی ہیں، وہ ناقص ہیں۔جن ٹھیکیداروںکو یہ کام دیاگیاہے ، وہ اس کی صلاحیت نہیں رکھتےہیں۔ ‘‘