EPAPER
Updated: July 27, 2021, 6:57 AM IST | saadat khan | Mumbai
گیارہویں میں داخلہ کیلئے اسٹیٹ بورڈ نے پرانی ویب سائٹ کے کام نہ کرنےپر نئی ویب سائٹ جاری کی،رجسٹریشن کی مدت میں۲؍اگست تک کی توسیع
:ایس ایس سی(دسویں جماعت) رزلٹ کی ویب سائٹ کریش ہونے سے جہاں طلبہ کوپہلے رزلٹ دیکھنےمیں پریشانیوں کا سامنا کرناپڑاتھاوہیں سی ای ٹی امتحان کیلئے رجسٹریشن کی ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے طلبہ اور والدین گزشتہ ایک ہفتہ سے ذہنی دبائو میں مبتلاتھے۔ اس ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے اسٹیٹ بورڈ نے ویب سائٹ کو ہی بند کردیاتھا جس سے طلبہ اور والدین میں تذبذب تھاکہ یہ ویب سائٹ کب شروع کی جائے گی اور طلبہ اپنا رجسٹریشن کب کریں گے۔ بالآخر اسٹیٹ بورڈ نے اتوار کو ایک نیاسرکیولر جاری کرکے پیر سے سی ای ٹی امتحان رجسٹریشن کی نئی ویب سائٹ سےمتعلق معلومات فراہم کی ۔
پیر کی دوپہر۳؍بجے اس ویب سائٹ کو شروع کرنے کا اعلان کیاگیاتھا جو معمول کے مطابق جاری ہے۔ رجسٹریشن کرنےکی مدت میں ۲؍اگست تک کی توسیع کی گئی ہے ۔ دریں اثناء جو طلبہ پہلے رجسٹریشن کرچکےہیں انہیں دوبارہ رجسٹریشن کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پہلے مرحلے میں صرف مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے اُن طلبہ کو رجسٹریشن کرنےکی اجازت دی گئی ہے جنہوں نےسال ۲۰۲۱ءمیں ایس ایس سی امتحان پاس کیاہے ۔ دیگر بورڈ اور گزشتہ سال کے طلبہ ۲۸؍جولائی سے رجسٹریشن کرسکیں گے۔
واضح رہےکہ کوروناوائر س کی وباء کےسبب امسال ایس ایس سی امتحان منسوخ کرکے تمام طلبہ کو پروموٹ کردیاگیاہے ۔ لیکن گیارہویں جماعت میں داخلہ کیلئے حکومت نے۲۱؍اگست کو سی ای ٹی امتحان منعقد کرنےکا اعلان کیاہے جس کیلئے ۱۹؍تا۲۶؍جولائی کے درمیان رجسٹریشن کرنےکی ہدایت دی گئی تھی مگر ۲۰؍جولائی کو متعلقہ ویب سائٹ نے کام کرنا بند کردیاتھا جس کی وجہ سے اسٹیٹ بورڈ نے بغیر اطلاع اس ویب سائٹ کو ہی بند کردیاتھا۔ ویب سائٹ بند ہونے سے طلبہ ،والدین اور اساتذہ تذبذب میں مبتلا تھے۔اسٹیٹ بورڈ کی طرف سےاس تعلق سے کسی طرح کی اطلاع نہ ملنے سے طلبہ ، والدین اور اساتذہ کی پریشانی مزید بڑھ گئی تھی لیکن ۲۵؍ جولائی کو بورڈ کی جانب سے اس بارے میں جار ی ہونےوالے سرکیولر سے طلبہ ،والدین اور اساتذہ نے راحت کی سانس لی۔
مذکورہ سرکیولر میں سی ای ٹی امتحان رجسٹریشن کی نئی ویب سائٹ کے بارےمیں اطلاع دیتے ہوئے یہ ہدایت دی گئی تھی کہ ۲۷؍جولائی پیر کی دوپہر ۳؍بجے سے نئی ویب سائٹ پر ایس ایس سی میں کامیاب ہونےوالے طلبہ رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ ساتھ ہی درخواست فارم پُرکرنے کی مدت میں ۲؍اگست ۲۰۲۱ء تک کی توسیع کی گئی ہے اور۲؍اگست کی رات ۱۱؍بجکر ۵۹؍منٹ تک درخواست فارم پُرکئے جاسکتےہیں۔ جن طلبہ نے ۱۹؍اور ۲۰؍جولائی کو فارم پُرکئے ہیں انہیں دوبارہ فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن وہ اپنے درخواست فارم کی تفصیلات سی ای ٹی درخواست فارم نمبر یا موبائل نمبر کے ذریعے نئی ویب سائٹ پر چیک کرسکتے ہیں۔ صرف وہ طلبہ جو پہلے تمام تفصیلات نہیں بھر سکے یا فارم پُر کرتے وقت کچھ غلطی ہوئی ہےیا ادھورا فارم پُر کیا تھا ،وہ اپنے فارم درست کر سکتےہیں۔
پہلے مرحلےمیں ان طلبہ کو رجسٹریشن کی اجازت ہوگی جنہوںنے سال ۲۰۲۱ءمیں ایس ایس سی امتحان پاس کیاہےجبکہ دیگر بورڈ مثلاًآئی سی ایس ای ، سی بی ایس ای اور دوسرے بورڈ اور مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے وہ طلبہ جنہوںنے دوبارہ امتحان دیاہے وہ سی ای ٹی امتحان فیس ادا کر کے رجسٹریشن فارم پُرکرسکتےہیں۔ حالانکہ فیس کی ادائیگی کیلئے ابھی گیٹ وے کی تفصیلات اپ لوڈ نہیں کی گئی ہیں ۔ اس لئے یہ طلبہ اور مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے وہ طلبہ جنہوںنے ایس ایس سی کا دوبارہ امتحان دیاہے ، دوسرے مرحلےمیں ۲۸؍ جولائی کی دوپہر ۳؍بجے کے بعدرجسٹریشن کر سکیں گے۔ اس کےلئے بھی علاحدہ سرکیولر جاری کیاجائے گا۔
نئی ویب سائٹ کے متعلق تعلیمی کائونسلر عامرانصاری نے کہاکہ ’’ ٹھیک ۳؍بجے نئی ویب سائٹ جاری کی گئی جو معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔ طلبہ بڑے جوش وخروش سے فارم پُرکر رہے ہیں۔‘‘ یوٹیوب ایجوکیٹرس گروپ کے پروفیسر دینش کمار نےکہاکہ ’’سی ای ٹی امتحان کے رجسٹریشن کی نئی ویب سائٹ گزشتہ ویب سائٹ سے بہتر کام کررہی ہے ۔ ساتھ ہی طلبہ اور والدین سے درخواست ہےکہ وہ ایک وقت میں ایک ساتھ فارم پُرکرنے کی کوشش نہ کریں تو بہتر ہے ۔ اسٹیٹ بورڈنے۲؍اگست تک کاوقت دیاہے۔ طلبہ اطمینا ن سے فارم پُرکریں تاکہ سرور پر زیادہ لوڈ نہ پڑے ۔ ‘‘نئی ویب سائٹ :
https://cet.11thadmission.
org.in/Public/Home.aspx