EPAPER
Updated: July 16, 2021, 3:17 PM IST | Agency | Hyderabad
بیشتر مقامات پر معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ،نشیبی علاقوں کےگھروں میں پانی داخل، عوام کو دقتوں کا سامنا
:شہر حیدرآباد میں بدھ کی شام شروع ہوئی بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح تک بھی جاری رہا۔شہر کے بیشتر مقامات حمایت ساگر،اُپل،سرورنگر اور سعیدآباد میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔بنڈلہ گوڑہ،اُپل میں ۲۱۲ء۵؍ملی میٹر،ونستھلی پورم میں ۱۹۲ء۳؍ ملی میٹربارش ہوئی۔کاپرا،سیری لنگم پلی، خیریت آباد، گولکنڈہ اورماریڈپلی میں اوسط بارش درج کی گئی ۔
حیدرآباد میں جولائی میں۲۴۳ء۴؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے۴۳ء۹؍فیصد زائد ہے۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ شہرحیدرآباد میں آئندہ ۲؍ دنوں کے دوران ہلکی اور اوسط بارش کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ حیدرآبادشہرمیں مزید بارش ہوگی۔
گزشتہ رات سےہوئی شدید بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی نواحی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ بیرامل گوڑہ میںنشیبی علاقوں میں کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے سبب یہاں کے مکینوں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔شہر کے جلیلاگوڑہ میں بھی کئی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا اس کے نتیجے میں گھریلو اشیا سمیت دیگر سامان کو نقصان پہنچا ہے۔ناگول میں بھی کئی کالونیوں اور علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے بارش کا پانی جمع ہوگیااور کئی افراد نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے رات جاگ کرگزاری اور انہیں شدید دقتوںکا سامناکرناپڑرہا ہے۔ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول رنگاریڈی،میڑچل۔ملکاجگری،یادادری بھونگیر،جنگاوں،راجناسرسلہ اور جگتیال میں شدید بارش ہوئی۔ضلع میدک کے چیگنٹہ میں سب سے زیادہ۲۲۷ء۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیشرو ضلع کریم نگر میں بھی گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران کئی حصوں میں شدید بارش ہوئی۔سب سے زیادہ۱۴۵ء۳؍ملی میٹربارش جگتیال ضلع کے کتھلاپور میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے سبب مٹ پلی علاقہ کا بیشتر علاقوں کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ یہاں آبپاشی پروجیکٹس، نہروں اور چھوٹے دریالبریز ہو گئے ہیں۔رامناپیٹ تا آتماکور مواضعات کے درمیان سڑک کا رابطہ متاثر ہوا۔
اسی ضلع کے گووندارام میں۱۱۹؍اور راجنا سرسلہ ضلع کے رُدرنگی میں ۱۱۰ء۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔راجنا سرسلہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ایتھلاکنٹہ میں۹۰ء۸؍ملی میٹر،میلارم میں۸۰؍ملی میٹر،بوئن پلی میں ۶۰؍،گاجاسنگارم میں۵۸ء۸؍ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔کریم نگر کے چیگرومامڈی اور رینی کنٹہ علاقوں میں ۸۵ء۹؍ملی میٹر،وینکاپلی میں ۷۲؍، ویناونکامیں۵۸؍،بورناپلی میں ۵۴ء۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش سے ورنگل ضلع میں تالاب اور کنٹے لبریز ہوگئے جس سے ضلع کے ایجنسی علاقوں میں آمد ورفت متاثر ہوئی۔دریائے گوداوری کی سطح میں اضافہ پر عہدیداروں نے وارننگ جاری کی ہے اور نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس کردیاگیا ہے۔
وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے مہیشورم حلقہ کے علاقہ میر پیٹ کے مختلف علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اورعہدیداروں پانی کی نکاسی کا فوری طورپر انتظام کر نے کی ہدایت دی۔