EPAPER
Updated: December 13, 2021, 11:26 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
’’ مہاراشٹر کی طرح مرکز میں بھی غریب مخالف پارٹی کو اقتدار سے دوررکھا جائے گا‘‘ شرد پوار کی ۸۱؍ ویں سالگرہ پر این سی پی لیڈران کا اظہار خیال، شردپوار نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو سماج کی ترقی کیلئے شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات پرعمل پیرا پارٹی قرار دیا
ممبئی ،(اقبال انصاری): اپنی ۸۱؍ ویں سالگرہ کے موقع پر جہاں این سی پی سربراہ شرد پوار نے اپنی پارٹی کو سماج کی ترقی کیلئے شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات پر عمل پیرا پارٹی قرار دیا وہیں سالگرہ کی تقریب میں متعددپارٹی لیڈروں نےاس امید اظہار کیا کہ جس طرح مہاراشٹر میں ’صاحب‘ (شردپوار) نے غریب مخالف پارٹی کو اقتدار سے د ور رکھا اسی طرح مرکز میں بھی بھگوا پارٹی کو دور رکھنے میں وہ اہم رول ادا کریں گے ۔ شرد پوار نےنہرو سینٹر سے ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ورکروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کریں۔ اس موقع پرشرد پوار کے ہاتھوں این سی پی ایپ، `مہاراشٹر یوتھ تنظیم ’مہاراشٹر یوتھ کارنیول ‘ کے لوگو کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔ان کی سالگرہ اتوار کو نہرو سینٹر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر شرد پوار نے تقریباً ۴۰؍ منٹ کے اپنے خطاب میں آزادی سے قبل کے واقعات کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ شاہو، پھلے ،امبیڈکر کا ویژن سماج کو آگے لے جانا تھا۔ ہماری پارٹی ان کے ویژن کی بنیاد پر کام کر رہی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان جب غریبوں، پسماندہ افراد اور محرومین کی تکالیف کے بارے میں سنتے ہیں تو پریشان ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ آزادی سے ۸؍ تا ۱۰؍ سال قبل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے اس وقت بہت آگے کی بات سوچی تھی۔انہوں نے پہلے تجویز پیش کی تھی کہ ملک کے سب سے بڑے ڈیم سے زراعت اور بجلی پیدا کی جائے اور کسانوں کو کاشتکاری کیلئے یہ دونوں مہیا کرایا جائے۔
شرد پوار کے مطابق سماجیات اور سیاست بدل رہی ہے لیکن ہمیں مہاتما پھلے کے خیالات کو ذہن میں رکھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پنی تقریر میں انہوں نے مہاتما جیوتی با پھلے، ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکر اور شاہو مہاراج کی سماجی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے دیگر واقعات پر بھی گفتگو کی۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے سینئر لیڈر اجیت پوار نے اپنی جذباتی تقریر کہا کہ آج اس لیڈر کا یوم ِ پیدائش ہے جو محرومین اور خواتین کوان کے حقوق دینے پر یقین رکھتا ہے ۔ ’ صاحب ‘نے ہر میدان میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ یہ شخصیت ہمالیہ کی بلندی رکھتی ہے اورحوصلہ اور ترغیب دیتی ہے۔رکن پارلیمان اور سینئر لیڈر پرفل پٹیل نےکہا کہ جب دہلی میں پوار کی ۷۵؍ ویں سالگرہ منائی گئی تھی تو صدر اور نائب صدر سے لے کر وزیر اعظم تک سبھی اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر وہاں موجود تھے۔ مختلف پارٹی اور نظریات کے لوگوں کو ایک چھت کے نیچے لانا آسان نہیں ہے اور یہ کام صرف پوار ہی کر سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے کسان اب بھی پوار صاحب کو بڑی امیدوں سے دیکھ رہے ہیں، ان کاموں کو یاد کر رہے ہیں جو انہوں نے اس وقت کیا جب وہ وزیر زراعت تھے۔ این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور پارٹی کے ترجمان نواب ملک نے بھی اظہار خیال کیا۔اس موقع پرلکشمی کانت کھابیا کی تصوراتی کتاب ’شرد پوارمیرے الفاظ میں‘ کا بھی اجرا کیاگیا ۔