EPAPER
Updated: January 12, 2022, 8:31 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
یوپی میں اقتدار پلٹنے کیلئے سماجوادی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ، منی پور میں ۵؍سیٹوں پر این سی پی امیدوار اُتارے گی ، یوپی اور گوا میں سیٹوں کیلئے بات چیت جاری
:پانچ ریاستوں میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر این سی پی کے قومی صدر شرد پوار نے منگل کو ممبئی نیو راشٹر وادی بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی اتر پردیش، منی پور اور گوا ان تینوں ریاستوں میں الیکشن لڑے گی۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ اترپردیش میں فرقہ پرست پارٹیوں کو اقتدار سے دور کرنے کیلئےاین سی پی سماجوادی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔دریں اثناء شرد پوار نے یہ بھی واضح کیا کہ کانگریس، ترنمول کانگریس اور چھوٹی پارٹیاں ان تینوں ریاستوں میں مل کر لڑیں گی۔ شرد پوار نے کہا کہ منی پور میں این سی پی ۵؍سیٹوں اپنے امیدوار اتارے گی جبکہ اتر پردیش اور گوا میں سیٹوں کیلئے بات چیت جاری ہے۔
اترپردیش کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں
شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش میں تبدیلی (پریورتن) لانے کیلئے این سی پی سماجوادی کے ساتھ مل کر انتخاب لڑے گی اور وہاں تبدیلی ضرور آئے گی۔شرد پوار نے بتایا کہ منی پور میں این سی پی کے چار ایم ایل اے ہیں، اس لیے این سی پی اس بار پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جب کہ گوا میں کانگریس، ترنمول اور دیگر پارٹیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ وہ اگلے ہفتے خود اتر پردیش جائیں گے۔
شرد پوار نے کہا کہ ان تمام جماعتوں کی ایک میٹنگ کل لکھنؤ میں ہوگی اور اس میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کیا جائے گا۔
اقلیتی طبقے کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش
شرد پوار کےبقول اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ۸۰؍ فیصد لوگ ہمارے ساتھ ہیں اور۲۰؍ فیصد نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ سب کا ہوتا ہے۔ یہ بیان کہ اقلیتی برادری کے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔ ایسا بیان وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے موزوں نہیں ہےلیکن جو کچھ ان کے دماغ میں ہے وہی ان کی زبان پر آ گیا ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر ملک اتحاد اور رواداری کو برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اس طرح کی فرقہ وارانہ سوچ کا پروان چڑھنا مناسب نہیں۔
گوا میں بھی تختہ الٹنے کی تیاری
شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گوا میں بی جے پی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے اور ہمیں اس طرح ایک متحد قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔میری پارٹی کے پرفل پٹیل، شیو سینا کے سنجے راؤت اور کانگریس لیڈر سے بات چیت چل رہی ہے۔