EPAPER
Updated: August 02, 2021, 10:49 AM IST | Iqbal Ansari | Worli
ورلی بی ڈی ڈی چال کے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار نے افتتاح کیا ، ۳۶؍ مہینوں میں کام مکمل کرنے کا عزم
ورلی میں واقع بی ڈی ڈی چال کے ری ڈیولپمنٹ (بازآبادکاری ) کے کاموں کاآغاز اتوار یکم اگست کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریاستی حکومت عام شہریوں کو ان کے حق کا گھر دینے کی پابند ہے۔ اس سلسلے میں ورلی کے جمبوری میدا ن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں خصوصی طورپر شرد پوار کے ساتھ ہاؤسنگ وزیر ڈاکٹر جتیندر اوہاڑاوروزیر محصول بالا صاحب تھورات کو بھی مدعو کیاگیا تھا۔ اس پروجیکٹ کو ۳۶؍ مہینوں میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت(سوراجیہ) میرا پیدائش حق ہے یہ کہنے والے لوکمانیہ تلک نے انقلاب کی مشعل روشن کی تھی ۔ اسی کے تحت آج ہم نے عام شہریوں کو ان کے حق کا گھر دینے کی شروعات کر کے اس چیلنج کو قبول کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی ڈی چال کی ایک طویل تاریخ ہے۔ ان چالیوں نے متحدہ مہاراشٹر تحریک کو دیکھا ، مہاراشٹر کیلئے سڑکوں پر خون بہایا۔ واسودیو بلونت پھڈکے جیسے انقلابی بھی اس چال میںرہ چکے ہیں اس چال میں رہنے والے اپنی بنیاد کو نہ بھولیں۔
تاریخی مکان کو مت بیچو: شرد پوار
سینئر لیڈر ، سابق وزیر اعلیٰ ، رکن پارلیمنٹ شرد پوار نے کہا کہ بی ڈی ڈی کی چالوں کی ایک بہت شاندار تاریخ ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ، پربودھنکر ٹھاکرے اور کئی دیگر عظیم اور انقلابی شخصیات ان چالیوں میں رہتے تھے۔ مہاراشٹر کی یکجہتی یہاں نظر آتی ہے۔ کئی ذاتوں اور مذاہب کے لوگ برسوں سے یہاں اکٹھے رہ رہے ہیں۔ ان تاریخی مکانوں کو مت بیچو۔ ہمیں ایسی چالوں کی تاریخ کو محفوظ رکھنا چاہیے۔ گھروں کے علاوہ ان جھوپڑپٹیوں میں لوگوں کو دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔
پروجیکٹ ۳۶؍ مہینوں میں مکمل ہو گا: اوہاڑ
وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر جتیندر اوہاڑنے کہا کہ اس بی ڈی ڈی چال کے ری ڈیولپمنٹ کا کام ۳۶؍ مہینوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ میں ۳؍ ہزار پولیس اہلکاروں کو مکانات فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ اس تقریب میں ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ، وزیر سیاحت آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔