EPAPER
Updated: November 21, 2021, 7:39 AM IST | Jaipur
آج نئے وزیروں کی حلف برداری، تمام اراکین اسمبلی پارٹی کے دفتر میں طلب
: راجستھان میں کابینہ میں توسیع سے ایک روز قبل سنیچر کو کابینہ کی میٹنگ میںتمام وزیروں سے استعفے لے لئے گئے ہیں۔ انہیں اتوار کی دوپہر ۲؍ بجے دیگر اراکین اسمبلی کے ساتھ پارٹی کے ریاستی صدر دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔ سمجھا جارہاہےکہ وہیں یہ معلوم ہوگا کہ نئی کابینہ میں کسے جگہ ملے گی۔سنیچر کو وزیروں نے اپنے استعفے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کی رہائش گاہ پر ہونےو الی میٹنگ میں پیش کئے۔
کانگریس کی ریاستی اکائی کے صدر گووند سنگھ دوتاسرا جنہوں نے دیگر ۲؍ وزیروں کے ساتھ سونیا گاندھی کو لکھے گئے مکتوب میں استعفیٰ کی پیشکش کی تھی ، نے کابینہ کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے علاوہ تمام وزراء کے استعفے لے لینے کی تجویز پیش کی تھی جسے منظور کرلیاگیا۔ دوتاسرا کے علاوہ ہریش چودھری اور راگھو شرما نےحکومت کی ذمہ داریوں سے بری ہوکر پارٹی کیلئے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
پرتاپ سنگھ کھچاریاواس جن کے پاس ریاستی حکومت میں وزارت ٹرانسپورٹ کا قلمدان تھا، نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو کے دوران تصدیق کی کہ ’’ میٹنگ میں تمام وزیروں نے استعفے دے دیئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ہمیں اتوار کو پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں طلب کیاگیاہے وہیں وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اجے ماکن اور پی سی سی چیف گووند سنگھ دوتاسرا آگے کیلئے ہدایات جاری کریں گے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ وزیراعلیٰ اور پارٹی کو کرنا ہے اور اتوار کی دوپہر کو ہی منظر نامہ واضح ہوسکے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ اتوار کو ہی نئے وزیروں کی حلف برداری عمل میں آئیگی۔