EPAPER
Updated: January 14, 2022, 9:09 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
یہاں ایک خاتون کا آٹو رکشا میں چھوٹنے والا زیورات سے بھرا بیگ پولیس نے ۱۲؍ گھنٹے کے اندر ڈھونڈ نکالا ہے۔
یہاں ایک خاتون کا آٹو رکشا میں چھوٹنے والا زیورات سے بھرا بیگ پولیس نے ۱۲؍ گھنٹے کے اندر ڈھونڈ نکالا ہے۔ یہ بیگ خاتون کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اس بیگ کی تلاش میں ’ ایک کیمرہ شہر کیلئے ‘نامی مہم سے مدد ملی ہے ۔
میرا روڈ کے نیانگر پولیس اسٹیشن کے افسر کے مطابق میراروڈ کے سلور پارک میں رہنے والی ایک خاتون کی چند ہی دنوں پہلے علاؤالدین شاہ نامی شخص سے شادی ہوئی تھی ۔ وہ منگل کو دوپہر میں تقریباً ۲؍بجے اپنے میکے جانے کیلئے نکلی اور ایک آٹورکشا میں میراروڈ ریلوے اسٹیشن کیلئے سوار ہوئی۔ اسٹیشن پرخاتون پہنچی تو عجلت میں اپنا زیورات والا بیگ بھول کر آٹو رکشا سے اتر گئی ۔ بیگ میں ۲؍ لاکھ ۸۳؍ ہزار روپے مالیت کے سونےاور چاندی کے زیورات اور کپڑے تھے ۔آٹورکشا کے نکلنے کے بعد خاتون کو بیگ بھول جانے کا احساس ہوا ۔ خاتون نے اپنے شوہر کو اس کی اطلاع دی اور میراروڈ کے نیا نگر پولیس اسٹیشن میںشکایت درج کرائی ۔ میراروڈ کے نیانگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سید جیلانی نے پولیس کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر ایک پولیس ٹیم تشکیل دے کر جانچ کیلئے بھیجی ۔ ایک سوال کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ میراروڈ ریلوے اسٹیشن کے آٹورکشا اسٹینڈ پر مقامی افراد کے تعاون سے سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ پولیس نے ان کیمروں کے فوٹیج کی جانچ کی تو آٹورکشا کا نمبر بھی مل گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کافی جدوجہد اور محنت کے بعد جب پولیس آٹورکشا ڈرائیور تک پہنچی تو پہلے اس نے زیورات کے بیگ سے لاعلمی ظاہر کی لیکن تھوڑی سختی کی گئی تو اس نے بتایا کہ بیگ اس نے ایک خاتون کو دے دیا ہے ۔ پولیس نے وہ بیگ حاصل کرکے شکایت کنندہ خاتون کو لوٹا دیا ۔