EPAPER
Updated: September 14, 2021, 9:04 AM IST | Pyongyang
؍ ۱۵۰۰سو کلو میٹر تک مارکرنے والے ملک کے پہلے کروز میزائل کو شمالی کوریا نے سلامتی کیلئے ضروری بتایا
شمالی کوریا نے ملک کے پہلے ایٹمی صلاحیت کے حامل اسٹریٹجک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق شمالی کوریا نے ۱۵۰۰؍ کلومیٹر تک مار کرنے والے ملک کے پہلے ایٹمی صلاحیتوں کے حامل کروز میزائل کا کھلے سمندر میں تجربہ کیا ۔ کہا جا رہا ہے کہ میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔شمالی کوریا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ کروز میزائل کا یہ تجربہ دشمن کی سرگرمیوں کو روکنے اور ہماری ریاست کی سلامتی کی زیادہ قابل اعتماد طریقے سے ضمانت دے سکتا ہے۔
شمالی کوریا کی کروز میزائل کی تیاری میں زیادہ دلچسپی کی ایک وجہ بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پابندی ہونا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شمالی کوریا نے کروز میزائل کے ذریعے لے جانے والے ’’وار ہیڈز‘‘ بنانے کیلئے درکار ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر لی ہے یا نہیں تاہم شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے رواں سال کے آغاز میں ہی کہا تھا کہ چھوٹے بم تیار کرنا ان کا اولین مقصد ہے۔امریکہ میں قائم کارنیگی انڈومنٹ برائے عالمی امن کے سینئر اہلکار انکت پانڈا نے کہا کہ شمالی کوریا میں یہ پہلا کروز میزائل ہوگا جسے واضح طور پر ‘اسٹریٹجک’ کردار کے طور پر آزمایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ ان دنوں دنیا کے اہم ممالک سے نیوکلیئر ہتھیاروں پر قدغن کیلئے متحد ہونے پر زور دے رہا ہے۔ ایسی صورت میں شمالی کوریا کا یہ تازہ ترین ٹیسٹ اقوام متحدہ کی اس کوشش میں رکاوٹ ہے۔ امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر پہلے ہی کئی پابندیاں عائد ہیں جنہیں ختم کرنے کے تعلق سے دونوں ممالک کے درمیان گفتگو بھی ہوتی رہی ہے لیکن یہ مذاکرات ۲۰۱۹ء کے بعد سے تعطل کا شکار ہیں۔ اس تجربے کے بعدممکن ہے کہ یہ التوا اور بڑھ جائے حالانکہ کم جونگ ان یہ تجربات کرتے ہی اس لئے ہیںکہ امریکہ پر دبائو بڑھے اور وہ گفتگو پر آمادہ ہو۔