Inquilab Logo Happiest Places to Work

قریش نگر میںگوشت کی دکانیں بند، علاقے میں پولیس تعینات

Updated: January 18, 2022, 8:51 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

دوسرے روز بھی دکانوں تک گوشت نہیں پہنچ سکا، فساد پھیلانے کے الزام میں گرفتار ۷؍افراد کو پولیس تحویل میں بھیجا گیا،ضبط شدہ لاکھوں روپے کا گوشت پھینکنا پڑا

Vehicles were dispatched to Kurla Qureshi Nagar after thorough checking. (File photo)
گاڑیوںکو مکمل چیکنگ کے بعد کرلا قریش نگر کی جانب روانہ کیا گیا۔(فائل فوٹو)

 کرلا : یہاں قریش نگر( قصائی واڑہ ) کے علاقے میں جانے والے تمام راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کرکے  زبردست پہرہ لگادیا گیا ہے ۔ قصائی واڑہ کے  اندر جانےوالی تمام  بند گاڑیوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔  پیر کی صبح علاقے میں گوشت کی گاڑیاں نہ آنے کی وجہ سے تقریباً تمام دکانیں بندرہیں  اور اتوار کو قریش نگر کی مارکیٹ میں لائے  جانے والے لاکھوں روپے کے گوشت سڑ جانے کی وجہ سے پھینکنا پڑا ۔ دریں اثناء پولیس نے   گزشتہ روزفساد پھیلانے کے معاملے میں جن ۷؍ لوگوں کو گرفتار کیا تھا  انھیں پیر کو کورٹ میں پیش کیا گیا  جہاں عدالت نے انھیں  پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔ پولیس نے مزید مفرور ملزمین کی تلاش  شروع کردی  ہے ۔ قریش نگر کے علاقے میں پولیس کے اعلیٰ افسران وقتاً فوقتا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ 
 اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب نے پیر کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۰؍ بجے کرلا کے قریش نگر علاقے میں گوشت کے متعدد دکانداروں سے ملاقات کرتے ہوئے  بات چیت کی۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ کل اتوار کو قصائی  واڑہ میں گوشت کی گاڑیوں کی پکڑدھکڑ کے معاملے میں ہونے والی مارپیٹ اور ہنگامہ آرائی کے بعد کرلا قریش نگر آنے والے راستوں پر پولیس کا زبردست پہرہ ہے ۔ جگہ جگہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پیر کی صبح دیونار سے بھی  بھینس اور پاڑے کے گوشت دکانوں تک نہیں پہنچ سکے ۔ 
 قریش نگر جامع مسجد کے قریب گوشت کے  ایک دکاندار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قصائی واڑہ  میں تقریباً ۸۰؍ دکانیں گوشت کی ہیں لیکن پیر کی صبح دکانوں پر دیونار سے گوشت نہیں آسکاہے ۔ البتہ علاقے میں لائسنس یافتہ دکانوں میں دیونار سے گوشت لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ 
  قریش نگر علاقے کے ایک شخص نے کہا کہ اتوار کوگوشت کی گاڑیاں پہلی بار نہیں پکڑی گئی ہیں۔ اس سے قبل اس طرح کے واقعات متعدد مرتبہ ہوچکے ہیں لیکن اتوار کو بجرنگ دل کے چند شرپسندوں نے پولیس کے ساتھ مل کر گوشت فروخت کرنےوالوں کے ساتھ جس طرح کی  زیادتی کی تھی ، اس کی وجہ سے علاقے میں ہنگامہ آرائی وغیرہ ہوئی  اور علاقے کے حالات خراب ہوگئے ورنہ ہر بار پولیس اور انیمل تنظیم کے ذمہ دار یہاں آتے تھے اور معاملہ رفع دفع ہوجاتا تھا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ کل ضبط کی گئی  گاڑیوں میں رکھے گوشت کو پھینکناپڑا کیوں کہ اس سے بدبو پھیل رہی تھی  ،اس کی قیمت لاکھوں روپے  بتائی گئی۔ ۔ ایک مقامی شخص نے     کہا  کہ کل  کی واردات کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران علاقے کا  دورہ کرکے حالات کاجائزہ لے رہے ہیں  اور  علاقے میں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ 
 اس ضمن میں چونا بھٹی پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ قریش نگر علاقے میں جانے والے راستوں پر پولیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے علاقے میں فساد پھیلانے کا معاملہ درج کرکے ۷؍ افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا تھا جہاں مجسٹریٹ نے ملزمین کو پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔ گرفتار ہونے والوں میں مشتاق احمد علی سید (۲۹) ، اسلم عبدالسیف قریشی (۲۹) محمد فیضان راشد شیخ (۲۹) ، شیرو  ابوالحسن شیخ (۲۸) ، سمیر نظیر قریشی (۲۸) مظفر عبدالسیف قریشی (۲۲) ، نواب نظیر قریشی (۳۰) شامل ہیں ۔ محمد حنیف سید کے علاوہ دوسرے ملزمین کوپولیس گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ 
 یادر ہے کہ اتوار کو بجرنگ دل کے ورکروں نے قریش نگر میں پولیس کے ساتھ گوشت کی گاڑی پکڑنے اور دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی  جس کی وجہ سے مارپیٹ اور پتھر بازی  وغیرہ  ہوئی تھی ۔ اس میں جہاں ۳؍ افراد زخمی ہو گئے تھے  وہیں پولیس نے کئی افراد کے خلاف معاملہ درج کر کے ۷؍ افراد کو گرفتار کرلیا  تھا ۔

kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK