EPAPER
Updated: January 30, 2022, 9:57 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
نورنگ کمپاؤنڈ میں کارخانوںکے سامنے سے بہنے والی گندگی مسجد کے سامنے جمع ہوجاتی ہے ۔ مقامی کارپوریٹر اور بی ایم سی کے خلاف ناراضگی
:یہاں ماہم کے مشرقی جانب ریلوے پھاٹک کے قریب دھاراوی شاہونگر کے نورنگ کمپاؤنڈ میںبیت الخلاکی ٹنکیوں سے بھاری مقدار میں گندگی نکل کرپورے کمپاؤنڈ سےہوتے ہوئےمسجدعمرکے سامنےجمع ہوجاتاہےاورمسلسل کئی دنوں سےمسجد میں جانے والے تمام مصلیان کوجہاں پاکی کی حالت میں پہنچنا مشکل ہوگیا ہے ۔ وہیں اس گلی اور کمپاؤنڈ سے گزرنے والی خواتین ،بچے اور معمر افراد کا گزرنا محال ہے ۔
دھاراوی کے نورنگ کمپاؤنڈ میں مقیم اور کاروبار کرنےوالوں کا الزام ہےکہ نورنگ کمپاؤنڈ سے دھاراوی لنک روڈپر جانے والی سیڑھیوں کے قریب بیت الخلا سے نکلنے والی گندگی اور غلاظت سے کمپاؤنڈکے تمام لوگ پریشان ہیں ۔وہیں ٹو کمپاؤنڈ کی ٹوٹی پھوٹی گٹروں کی وجہ سےنجاست بہہ کر مسجد کے دونوں دروازوں کے قریب جمع ہوجاتی ہے ۔
مقامی کارپوریٹر اور بی ایم سی کے متعلقہ اہلکاروں سے اس بارے میں متعدد مرتبہ شکایت کی گئی ہے لیکن اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جارہی ہے۔پورے کمپاؤنڈکے لوگوں کی شکایت ہے کہ مہینوںمیں اگر کبھی صفائی بھی ہوتی ہے تو صفائی ملازم آکر صفائی کے نام پر خانہ پُری کرکے چلے جاتے ہیں۔
جائے وقوع سے ہی نمائندۂ انقلاب نے مقامی خاتون کارپوریٹرکے ذریعہ علاقےمیں ہونے والے کاموں کی دیکھ ریکھ کرنے والے متو پٹن سے بات چیت کی تو انھوں نےجائے وقوع سے کھینچی گئی تصویریں بھیجنے کو کہا ۔اس سلسلے میں بات چیت کرتے ہوئےیقین دلایا کہ خبر شائع نہ کریں اورآج سے کل تک صفائی اور پھر ہمیشہ کیلئے اس پریشانی کو دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ۔ نورنگ کمپاؤنڈمیں واقع ایڈن بیکری کے مالک خالدمنصوری نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کمپاؤنڈ میں روزانہ یہی حالت رہتی ہے۔مہینوں میں کسی دن صفائی ملازم خانہ پری کرنےکیلئے آجاتےہیں۔ایک عشرہ سے تومسجد میں نماز کیلئے جانا مشکل ہوگیا ہے۔ کیوں کہ دھاراوی لنک روڈ سے نیچے اتر کر کمپاؤنڈ میں آنے والی سیڑھیوں کے نیچےواقع بیت الخلا کی ٹنکی آئے دن بھر کر بہتی ہے اور گٹریں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پورے کمپاؤنڈ میں غلاظت سے لوگوں کا برا حال ہے ۔
نورنگ کمپاؤنڈ سوسائٹی کے صدر حاجی صحبت علی نےکہاکہ کمپاؤنڈ میں غلاظت اور گندگی کارخانہ داروں کا مقدر بن گئی ہے۔ البتہ سب سے زیادہ پریشانی مسجد عمر کے مصلیان کو ہے جو پنجوقتہ نماز کیلئے مسجد جاتے ہیں ۔ مسجد میں داخل ہونا اور وہاں سے پاکی کی حالت میں بچ کر کارخانے میں پہنچنا مشکل ہوگیا ہے۔ جبکہ اس بارے میں مقامی کارپوریٹر سے متعدد مرتبہ شکایت کی گئی ہے ۔
اس ضمن میں مقامی کارپوریٹر متو کا کہنا ہے کہ شکایت ملنے کے بعد اتوار کو اس کی صفائی کرائی گئی ہے اور آئندہ بھی اس کا خیال رکھا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اس کا مستقل حل نکالنے کیلئے غور وخوض کیا جارہا ہے ۔
اس سلسلے میں جی نارتھ میونسپل وارڈ کے متعلقہ افسر قاضی عرفان نے جائے وقوع کی تصویریں منگوائی اور یقین دلایا کہ وہاں پر صفائی ملازم کو فوری طور پر بھیج کر صفائی وغیرہ کرائی جائے گی اور ہمیشہ کیلئے کوئی جامع کام بھی کرنا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کی تمام مساجد کےذمہ داروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر جو بھی مساجد کے تعلق سے کوئی دشواری ہو ۔اگر بی ایم سی کا کام ہوگاتو فوری طور پر حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔اس ضمن میں مقامی ایم ایل اے اور وزیرتعلیم ورشا گائیکواڑ سے بھی گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا۔مسجدعمر کے ٹرسٹیان محبوب خان اور عبدالواسع سے بھی اس بارے میں بات چیت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انھوں نے اس بارے میں ٹال مٹول کرنے کی کوشش کی ۔