EPAPER
Updated: November 04, 2021, 11:07 AM IST | Agency | Srinagar
وقت پر ہونے والی بارش سے فصل اچھی رہی جس سے ماضی میں ہوئے نقصان کی تلافی ہوگئی
وادی کشمیر میں امسال زعفران کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے سے اس کی کاشت سے وابستہ کسان بہت ہی خوش نظر آ رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ امسال وقت پر ہونے والی بارش سے ہماری فصل اچھی رہی جس سے ماضی میں ہوئے نقصان کی تلافی ہوگئی۔’جموں وکشمیر سفرون گرووَرس ایسوسی ایشن‘ کے چیئرمین عبدالمجید وانی نے خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ امسال کشمیر میں زعفران کی پیداوار میں ۵۰؍ فیصد اضافہ درج ہوا ہے جس سے کسان بہت خوش ہیں۔بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں بالخصوص پامپور میں جس کو کشمیر کے ’قصبہ زعفران‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، زعفران کے پھول چننے کا سیزن چل رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ’ ’اس سال موسم زعفران کی فصل کے لئے مناسب رہا، وقت پر بارش ہوئی جس سے پیداوار میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ۵۰؍ فیصد اضافہ درج ہوا۔‘‘ان کا کہنا تھاکہ’’کئی کسانوں نے اپنے کھیتوں میں زعفران کی فصل اگانا ترک کر دیا تھا کیونکہ پچھلے کئی برسوں کے دوران وقت پر بارش نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کافی نقصان ہوا تھا لیکن اس سال اچھی پیدوار ہونے سے وہ دوبارہ زعفران کاشت کرنے والے ہیں۔‘‘ چیئرمین نے کہا کہ زعفران کی خریداری کے لئے آن لائن آرڈرس آنے شروع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے نے کھیتوں کی آبپاشی کے لئے۱۲۸؍ کنویں کھودے ہیں لیکن ان کو ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے پاس آبپاشی کا مؤثر بندوبست ہوتا تو پیداوار میں اس سے بھی زیادہ اضافہ ہوجاتا۔ وانی نے کھیتوں کے لئے آبپاشی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لئے بہتر آبپاشی کی سہولیات کا انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ کسانوں کو مستقبل میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے یہاں در آمد ہونے والی زعفران سے ہمارا کاروبار از حد متاثر ہوا ہے۔وانی نے کہا کہ یہاں کشمیر کے نام پر ایرانی زعفران فروخت کیا جا رہا ہے تاہم اب خریداروں کو یہ معلوم ہوا ہے اور وہ کشمیری زعفران ہی خرید رہے ہیں۔