EPAPER
Updated: January 12, 2022, 7:57 AM IST | srinagar
وادی کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت منفی ۱۰؍ ڈگری سے نیچے پہنچا، راستوں پر برف باری سےکئی سڑکیں بند۔ ہماچل پردیش میں بھی برف کی چادر سی بچھ گئی۔دہلی، اُترپردیش ،بہار، پنجاب اور ہریانہ میں بھی سردی کی لہر۔ راجستھان میں درجہ حرار ت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے آیا۔ شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں دن بھر کہرا چھایا رہا۔ تلنگانہ میں بارش کے بعد سردی کے آثار
: یہاںکشمیر میںسال کے آغاز کے ساتھ ہی موسم سرما کی سختیاں شروع ہوگئی ہیں۔خون کو منجمد کرنے والی سردی کی وجہ سے عوام کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے۔ کئی جگہوں پر درجہ حرارت منفی ۱۰؍ ڈگری سے نیچے پہنچ گئی ہے جبکہ برف باری کی شدت اورتودوں کے گرنے کے خوف کی وجہ سے کئی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ یہاں ہونے والی برف باری کے اثرات شمالی ہند کی دوسری ریاستوں پر بھی پڑے ہیں جس کی وجہ سے وہاں سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ راجستھان، اترپردیش، بہار، دہلی، پنجاب، ہریانہ اور دیگر ریاستوں میں بھی درجہ حرارت گرجانے سے سردی کافی بڑھ گئی ہے، جس کے نتیجے میں عوام بے حال ہیں۔
گل مرگ میں تین فٹ برف جم گئی ہے
اس دوران وادی کےمشہور سیاحتی مقامات گل مرگ اور پہل گام سرد ترین جگہیں رہیں جہاں کم از کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۱۰ء۶؍ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۱۰ء۴؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی میں ۱۶؍جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔اس دوران سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت اعشاریہ۲؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں ۱۸؍ دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم از کم درجہ حرارت منفی۶؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گل مرگ میں قریب۳؍ فٹ تازہ برف جمع ہے، میں کم از کم درجہ حرارت منفی ۱۰ء۶؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب منفی ۱۰؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
پہل گام میں منفی ۱۰ء۴؍ ڈگری
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہل گام میں کم ازکم درجہ حرارت منفی۱۰ء۴؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کم از کم درجہ حرارت منفی ۲ء۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اسی طرح سرحدی ضلع کپوارہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی ۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کم از کم درجہ حرارت منفی اعشاریہ ۶؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دہلی میں بھی سردی کی شدت
محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت دہلی میں منگل کو کم سے کم درجہ حرارت۶ء۵؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ یہاں کئی دنوں سے سردی کا ستم جاری ہے لیکن منگل کو اس میں کافی شدت آگئی تھی۔
راجستھان میں سردی کا قہر، منفی تین ڈگری پہنچا
راجستھان میں بھی سردی کا قہرجاری ہے۔یہاں ریاست کے واحد پہاڑی سیاحتی مقام ماؤنٹ آبو میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے پہنچ گیا۔یہ ریاست کاسرد ترین مقام رہا ۔ ماؤنٹ آبو میں گاڑیوں، درختوں اور باغات اور باہر پڑے برتنوں میں برف جم گیا تھا۔ یہاں صبح لوگ کچھ دیر سے گھروں سے باہر نکلے اور جگہ جگہ الاؤ جلا کر اس سے بچنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔
تلنگانہ میں بارش، سردی میں اضافے کے آثار
خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے زیراثرتلنگانہ کے کئی مقامات پر بارش ہوئی،اس کی وجہ سے سردی میں اضافے کے آثار ہیں۔سدی پیٹ ضلع کے رامارم علاقہ میں۸ء۶؍سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ضلع کے پداکوڑعلاقے میں ۷ء۸؍سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اس دوران متحدہ عادل آباد ضلع کے بیشتر مقامات پر بھی بارش ہوئی۔
شمالی ہند کی بیشتر ریاستوں میں کہرا چھایا رہا
شمالی ہند کی بیشتر ریاستوں میں کہرا چھایا رہا ، جس کی وجہ سے سامنے پڑی چیز بھی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ پنجاب سے لے کر راجستھان تک دن بھر لوگ الاؤ جلاکر بیٹھنے پر مجبور ہیں اوراس طرح سردی کو شکست دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ کہرے کی وجہ سے حادثات میں بھی اضافہ درج کیاگیا ہے۔