EPAPER
Updated: November 13, 2021, 10:14 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ملک کی آزادی کے تعلق سے کنگنا کے بیان پر ہنگامہ جاری ، کئی لیڈروں نے اسے مجاہدین آزادی کی توہین قرار دیا، پدم شری واپس لینے کے مطالبہ میں شدت
ملک کی آزادی کے تعلق سے انتہائی متنازع اور توہین آمیز بیان دینے پر اداکارہ کنگنا رناوت کیخلاف احتجاج اور ہنگامہ بڑھتا جارہا ہے۔ اب انہیں ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک نے نشانہ بنایا ہے۔ نواب ملک نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کنگنا رناوت سے پدم شری ایوارڈ واپس لیا جائے اور ان کے خلاف کروڑوں ہندوستانیوں کے جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے فوراً گرفتاری انجام دی جائے ۔ جمعہ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں نواب ملک نے کہا کہ ’’کنگنا رناوت لگتا ہے کہ گانجہ یا دیگر کوئی نشہ کرکے بیان دیتی ہیں تبھی ان کے منہ سے ایسے اوٹ پٹانگ لیکن سخت توہین آمیز جملے نکلتے ہیں۔ انہوں نے مجاہدین آزادی کی بے عزتی کی ہے لہٰذا ان سےپدم شری جیسا ایوارڈ فوراً واپس لیا جانا چاہئے اور ایف آئی آر درج کرکے ملک سے غدار ی کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ ‘‘ساتھ ہی انہوں نے کنگنا کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ دہرایا۔
واضح رہے کہ کنگنارناوت نے اپنے متنازع بیان میں کہا تھا کہ ۱۹۴۷ء میںملک کو جوآزادی ملی وہ بھیک تھی، اصل آزادی ۲۰۱۴ء میں مودی سرکار آنے کے بعد ملی ہے۔ کنگنا کے اس بیان کی ہرجانب سے مذمت کی جارہی ہے۔یہا ں تک کے بی جے پی کے لیڈران بھی اس کی مذمت کررہے ہیں۔
نواب ملک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ۱۸۵۷ء سے آزادی کی تحریک شروع ہوئی تھی۔ لاکھوں مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔ اسی وجہ سے انگریزوں نے ہندوستان کو آزاد کرنے کا اعلان کیا اور۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ملک کو آزادی ملی۔ ایک جانب ملک کو آزادکرانے میں اس قدر جانوں کے نذرانے پیش کئے گئے، قربانیاں دی گئیں اور دوسری جانب سے ایک معمولی سی اداکارہ ڈرگس کے نشے میںکچھ بھی بک رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی حکومت اس کو دیا گیا پدم شری اس سے چھینے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرے۔