Inquilab Logo Happiest Places to Work

نواب ملک کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کا حکم

Updated: February 02, 2022, 9:31 AM IST | Mumbai

سمیر وانکھیڈے کے معاملے میں  ریاستی وزیر نواب ملک کے اطراف گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔

state Minister Nawab Malik
ریاستی وزیر نواب ملک

: سمیر وانکھیڈے  کے معاملے میں  ریاستی وزیر نواب ملک کے اطراف گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ وانکھیڈے کی شکایت پر درج فہرست ذات وقبائل  کے قومی کمیشن (ایس سی ایس ٹی کمیشن) نے ممبئی  پولیس کو نواب ملک کے خلاف  ایس سی ایس ٹی ایکٹ ۱۹۸۹ء  کے تحت  ۷؍ دن کے اندر اندر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
   وانکھیڈے جو اِس وقت ڈائریکٹوریٹ  آف ریوینیو انٹیلی جنس میں تعینات ہیں، پر نواب ملک نے الزام لگایا ہے کہ وہ  پیدائشی طور پر مسلمان  تھے اورانہوں  نے اپنی پہلی شادی بھی ایک مسلمان کی حیثیت سے کی مگر بعد میں یوپی ایس سی امتحان میں کامیابی کے بعد انہوں  نے ذات کے تحریف شدہ سرٹیفکیٹ   کے ذریعہ  ڈی آر آئی میں ملازمت  حاصل کی۔ نواب ملک کے ان الزامات کے خلاف  سمیر  وانکھیڈے  نے گزشتہ سال نومبر میں ایس سی ایس ٹی کمیشن  سے شکایت کی تھی۔ پیر۳۱؍ جنوری  کو انہوں  نے  دہلی میں کمیشن کی چیئر پرسن وجے سمپلا سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ذات (شیڈولڈ کاسٹ ) کا سرٹیفکیٹ پیش کیا جو انہیں ۱۹۹۵ء میں  حاصل ہواہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دینے کے دستاویز  ، شادی کے رجسٹریشن کے کاغذات اور پیدائش سرٹیفکیٹ  بھی کمیشن کے سامنے پیش کیا۔  
 اطلاعات کے مطابق ان کے دستاویزات پر  بھروسہ کرتے ہوئے ایس سی ایس ٹی کمیشن نے  ممبئی پولیس کو نواب ملک کے خلاف ۷؍ دنوں کے اندر اندر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ نواب ملک کے الزامات کے بعد مہاراشٹر سرکار سمیر وانکھیڈے  کے ذات کے سرٹیفکیٹ کی جانچ کررہی ہے۔ یہ جانچ  ذات کی تصدیق کرنے والی کمیٹی کررہی ہے جو اپنی  رپورٹ مرکزی کمیشن کو ۷؍ مارچ سے پہلے پیش کریگی مگر اس سے پہلے   ہی وانکھیڈے کی شکایت پر کمیشن نے شنوائی کی اور ایف آئی آر کا حکم بھی جاری کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK