EPAPER
Updated: November 12, 2021, 9:14 AM IST | Chennai
مہلوکین کی تعداد ۱۴؍ہوگئی ،عام زندگی بدستور متاثر،جمعہ کو بھی اسکولوں اور کالجوں میںتعطیل کا اعلان ،کئی علاقےاب بھی زیر آب
چنئی اور اس سے ملحقہ اضلاع، ساحلی علاقوں اور ڈیلٹا اضلاع کے کچھ حصوں میں مسلسل شدید بارش جاری ہے۔ جمعرات کے روز خلیج بنگال پر۲۱؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ بننے والے دباؤ کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے چنئی، ترووالور، رانی پیٹ، ویلور، سیلم، کلاکوریچی، تروپتور اور ترووناملائی اضلاع میں انتہائی بھاری بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع انہوں نے کہا کہ ایک یا دو مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔اس دوران، ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جنوب مغرب اور ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال اور تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں پر نہ جائیں۔
تمل ناڈو کی راجدھانی چنئی سمیت چار اضلاع میں شدید بارش اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے جمعہ کو بھی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ احکامات متعلقہ ضلع مجسٹریٹس نے جاری کئے ہیں۔ ان چار اضلاع میں سنیچر کی رات سے مسلسل ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے اسکول اور کالج گزشتہ چار دنوں سے بند ہیں۔ اس دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں مزید۲؍ افراد کی موت کے بعد مہلوکین کی تعداد بڑھ کر۱۴؍ ہوگئی ہے۔محصولات (ریوینیو) اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر کے کے ایس ایس آر رام چندرن نے بتایا کہ گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں تھنجاور اور تروورور اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے مزید دو افراد کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی شدید بارش کی وجہ سے۱۵۷؍مویشی بھی مر چکے ہیں۔