EPAPER
Updated: August 25, 2020, 10:39 AM IST | Agency | Gandhinagar
پانچ ؍افراد کے بہہ جانے کا خدشہ۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے متعدد مقامات پرموسلا دھار بارش کی پیش گوئی۔ندی نالوں میں طغیانی کے دوران۱۰۰؍ سے زائد باندھ ہائی الرٹ پر۔۳۰۰؍ سے زیادہ سڑکیں بند ۔ نشیبی علاقے کے لوگوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا۔صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی گئی
گجرات میں جاری شدید بارش کے درمیان سیلاب اور بارش کے واقعات میں پچھلے۲۴؍گھنٹے کے دوران ایک خاتون سمیت کم از کم ۲؍افراد کی موت ہوگئی جبکہ گجرات کامن انٹرنس ٹیسٹ یعنی گجرات کیٹ کے امتحان کا طالب علم اور اس کے والد سمیت ۵؍افرادکے بہہ جانے کا خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق موربی ضلع کےسنگ پور گاؤں سے گجرات کیٹ کا امتحان دینے پیر کی صبح ہلود آنے والا اشون بھائی دلواڑی (۱۷) اور اس کے والد نارائن بھائی (۴۵) راستے میں سیلاب میں بہہ گئے۔ان کی تلاش کی جارہی ہے۔اس سے پہلے اتوار کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے موربی ضلع میں ہائی دیگھلیا اور سیکھرڈی کے درمیان ماہی ندی پر بنے کازوے کو پار کرنےوالی ایک کار بہہ گئی۔اس میں سوار ۵؍ میں سے۲؍ لوگ تو کسی طرح بچ گئے لیکن ۳؍ دیگر افراد کار کے ساتھ بہہ گئے۔ان کی تلاش کی جارہی ہے۔
سابرکانٹھاضلع کے گڈھا گاؤں کے رہنے والے کیشو چوہان (۵۵) اتوار کی شام اپنے مویشیوں کو چرانے گئے تھے جہاں شدید بارش سے طغیانی پر آئے ایک تالاب میں گر کر اُن کی موت ہوگئی۔ایک دیگر حادثے میں تاپی ضلع کے ڈولون تعلقہ کے پاٹی گاؤں میںاتوار رات تقریباً ۱۱؍ بجے شدید بارش کے درمیان مکان گرنے سے دب کر شانتی بین گمت (۶۵) نام کی خاتون کی موت ہوگئی۔
دوسری طرفمحکمۂ موسمیات نے پیر کو بھی متعدد مقامات پرموسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کے دوران۱۰۰؍ سے زائد باندھ ہائی الرٹ پر ہیں۔۳۰۰؍ سے زیادہ سڑکیں بند ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو نشیبی علاقوں سے منتقل کردیا گیا ہے۔ امدادی کاموں کیلئے این ڈی آر ایف کے ایک درجن سے زائد دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ریاست کی صورتحال کے پیش نظرریاستی وزیر برائے محصولات کوشک پٹیل نے حالات کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی طرف سے موصولہ سرکاری اطلاعات کے مطابق گزشتہ۲۴؍ گھنٹے کے دوران ریاست کے تمام۳۳؍ اضلاع کے۲۵۱؍ تعلقہ میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ ضلع جام نگر کے جوڑیا علاقے میں۳۳۸؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں مانسون کی برسات کی۱۰۰؍ فیصد بارش کا تناسب عبور ہوگیا ہے۔پیر کی صبح۶؍ بجے سے دوپہر۱۲؍ بجے تک بارش کی وجہ سے راج کوٹ کے گوندل میں سب سے زیادہ۱۵۹؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔اسی طرح دوارکا کے بھانود میں۱۲۳؍ ملی میٹر، جام نگر کے جام جودھ پور میں۱۰۸؍ملی میٹر اور ضلع کچھ کے لکھپت میں ۸۹؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔
ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ریاست بھر میں۳۱۴؍ سڑکیں بند ہیں جن میں ضلع مہسانا سے گزرنے والی قومی شاہراہ بھی شامل ہے۔ ان میں۱۶؍ ریاستی سطح کی شاہراہیں بھی ہیں۔ وسطی گجرات کے ایک سیاحتی مقام پاؤگڑھ کی پہاڑی پر ایک آبشار کے قریب پھنسے ۷۰؍ افراد کوبھاری بارش کے دوران بحفاظت بار نکال لیا گیا۔ دوسری طرف ندیوں میں طغیانی کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد کو کنارے کے نشیبی علاقوں سے نکال لیا گیا ہے۔