Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوٹس جاری کئےجانے سے مکینوں میں خوف وہراس

Updated: June 23, 2021, 7:43 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ مکانات کی نوعیت اور تفصیلات معلوم کئے بغیر ہی سب کو یکساں نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ جہاں حادثہ پیش آیا تھا وہاں کے وارڈ میں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا

Houses in Gaikwad Nagar which have been declared damaged in Mahada`s notice. (File photo)
گائیکواڈ نگر میں واقع مکانات جنہیں مہاڈا کے نوٹس میں مخدوش قرار دیا گیا ہے۔(فائل فوٹو)

 ان دنوں یہاں رہنے والوں کو ان کے آشیانوں کو غیر قانونی کہہ کر نوٹس جاری کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ نوٹس خاص طور پر گیٹ نمبر ۷؍ اور ۸؍میں واقع مہاڈا ہاؤسنگ بورڈ(گائیکواڑ نگر) کے مکینوں کو راہل شیلمکر نام کے آفیسر کے دستخط سے جاری کئے جا رہے ہیں۔ پوسٹ کے ذریعے مکینوں کو بھیجے جانے والے اس نوٹس میں مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ یکساں مضمون نقل کیا گیا ہے اور لکھا گیا ہے کہ آپ کا مکان غیر قانونی ہے اور آپ نے بلا اجازت ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کیا ہے اس لئے ۱۹۶۶ء ایکٹ کی دفعہ ۵۳؍کے تحت آپ کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے اور یہ بتایا جاریا ہے کہ آپ اپنے مکان کا اوپر کا حصہ گو وہ گراؤنڈ پلس ون یا ٹوہو اسے منہدم کردیں اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو مہاڈا اپنے طور پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی کرے گا اور اس کارروائی پر جو خرچ آئے گاوہ آپ سے وصول کیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ مہاراشٹر کے شہری ترقیاتی محمکہ کے ایکٹ ۱۹۶۶ءکی دفعہ۵۲ , ۵۳؍اور  ۵۷؍ کے تحت آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ 
 مضحکہ خیز بات یہ بھی ہے کہ نوٹس کے آخری پیراگراف میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ آپ کا‌ مکان انتہائی خستہ حال ہے ، بارش میں اس کے گرنے کا اندیشہ ہے۔ اس لئے آپ کے غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے جانی کی نقصان کی صورت میں آپ کی جواب دہی ہوگی ،اسے آپ ذہن نشین کر لیجیئے۔
  نوٹس  دئیے جانے کے بعد نمائندہ ٔانقلاب نے جن‌ لوگوں کو نوٹس ملا ہے ان میں سے چند لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مکانات کو بھی دیکھا تو حیرت ہوئی کہ مہاڈا کے ذریعے نوٹس تو جاری کیا گیا ہے لیکن یہ دیکھنے کی زحمت نہیں کی گئی ہے کہ کن کا مکان خستہ ہے اور کون اچھی حالت میں ہے بلکہ محض خانہ پری کرتے ہوئے سب کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔  نوٹس پر قائم ہونے والے سوالات کا جواب دینے کے لئے مہاڈا کا کوئی افسر تیار نہیں ہے ، صرف اتنا کہا گیا کہ تمام مکینوں کو نوٹس جاری کیا جائے گا کیونکہ سبھی نے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
 اس طرح تو آدھی ممبئی غیر قانونی ہوجائے گی 
 ہاؤسنگ بورڈ میں نوٹس پانے والے محمد قاسم عرف کرن سندھی نے نوٹس کے تعلق سے کہا کہ جس طرح سے مہاڈا کے جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے اسے پڑھنے کے بعد یہ اندازہ ہوا کہ اگر نوٹس جاری کرنے کا یہی پیمانہ ہے تو اس سے آدھی ممبئی غیر قانونی ہوجائے گی‌۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ۹؍جون کو کچے پٹے میں جس پلاٹ میں حادثہ پیش آیا تھا اور ۱۲؍ قیمتی جانیں ضائع ہوگئی تھیں اس پلاٹ میں یا اس سے متصل حصے میں کسی کو نوٹس نہیں دیا گیا ہے۔ اس سے مہاڈا کی جانب سے جاری کردہ نوٹس اور مہاڈا کے طریقۂ  کار کو آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ 
  گائیکواڑ نگر میں ہی مقیم نوٹس پانے والے ضیاء الرحمن انصاری نے کہا کہ نوٹس میں تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے جبکہ لوگ یہاں ۳۰؍سے۴۰؍ سال سے مقیم ہیں اور ہاؤسنگ بورڈ میں زیادہ اونچے مکانات بھی نہیں بنائے گئے ہیں اس کے باوجود مہاڈا کی جانب سے نوٹس جاری کیا جانا حیران کن ہے۔ ‌ اچانک جس طرح  سے تمام مکینوں کو نوٹس بھیجے جارہے ہیں اس سے لوگ سوال کررہے ہیں کہ آخر مہاڈا کو اس طرح کاکی نوٹس بھیجنے کی ضرورت کیوں آن پڑی؟ اصولاً کارروائی یا نوٹس وہاں جاری کیا جانا چاہیے جہاں حادثہ پیش آیا ہے لیکن وہاں تو سناٹا ہے۔

malwani Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK