EPAPER
Updated: October 14, 2020, 11:07 AM IST | Agency | Washington
جنوبی کوریا کے سربراہ نے ملٹری پریڈ کے خطاب میں اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ناکام رہے ہیں
شمالی کوریا کے سربراہکم جونگ اُن نے اعتراف کیا ہے کہ وہ عوام کا معیارِ ز ندگی بلند کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے معاشی مشکلات کے چیلنج کا سامنا کرنے پر فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔اتوار کو ملٹری پریڈ سے خطاب کے دوران کم جونگ اُن عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے۔
شمالی کوریا کی سرکاری نیو ز ایجنسی نے کم جونگ اُن کا ایڈٹ شدہ ویڈیو جاری کیا ہے جس میں اُنہیں خطاب کے دوران آنسوؤں سے روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔کم جونگ ملک کو درپیش قدرتی آفات اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہریوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں ناکامی پر اُن سے معذرت بھی کی۔کم جونگ اُن نے کہا کہ ’’عوام کا مجھ پر اعتماد آسمان جتنا بلند اور سمندر جتنا گہرا ہے لیکن میں اُنہیں اطمینان بخش زندگی گزارنے کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہوں۔‘‘
ایک موقع پر کم جونگ اُن نے ہچکچاتے ہوئے کہا کہ اس سب کیلئے وہ معافی کے طلب گار ہیں۔ آزاد محقق اور شمالی کوریا کی تجزیہ کار رچل منیونگ لی نے کہا ہے کہ کم جونگ کا شائستگی سے خطاب اور آنکھوں میں آنسو غیر معمولی تھا۔ ان کے بقول بھرے مجمع میں کم جونگ ان کا ناکامی کا اعتراف بھی متاثر کُن تھا۔انہوں نے کہا کہ کم جونگ کی تقریر خاص طور پر مقامی افراد کیلئے تھی جس کا مقصد ممکنہ طور پرخود کو قابل اور کرشمائی لیڈرکے طور پر پیش کرنا ہو سکتا ہے۔کم جونگ اُن ملٹری پریڈ کے دوران بیلسٹک میزائل کی رونمائی کے موقع پر خوشگوار موڈ میں بھی دکھائی دیئے تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عالمی پابندیوں، قدرتی آفات، سیلاب اور کورونا وائرس کی وجہ سے شمالی کوریا کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے باعث اس کے عالمی تجارت کے پروگرام، ترقیاتی منصوبے اور دیگر معاشی اقدامات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔شمالی کوریا کو معاشی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب اس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دیں۔