EPAPER
Updated: December 19, 2021, 1:37 AM IST | new Delhi
راج ناتھ سنگھ کے مطابق ہندوستان اب بیرون ملک کے بجائے دیسی دفاعی مصنوعات پر زیادہ زور دے رہا ہے ،اس سلسلے میںدنیا کے تمام ممالک سےدرخواست کی گئی ہے
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سنیچر کو کہا کہ ملک کی سیکوریٹی کی ضروریات کے پیش نظر ہندوستان اب بیرون ملک کے بجائے دیسی دفاعی مصنوعات پر زیادہ زور دے رہا ہے اور دنیا کے تمام ممالک سے کی درخواست کی کہ وہ ہندوستان میں اس کی کمپنیوں کےساتھ مل کر اپنے سازو سامان بنائیں۔
سنیچر کو نئی دہلی میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی ) کی ۹۴؍ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے ہمیں دفاعی شعبے میں اپنی صلاحیت اور کارکردگی کو بڑھانا ہوگا اور یہ کام اسلئے ضروری ہے کہ دشمن کسی بھی قسم کی مذموم حرکت کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے۔ ان کے مطابق اس کیلئے ہندوستان کو دفاعی شعبے میں مینوفیکچرنگ کا ہب بنانا ہوگا اور حکومت اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ اس سمت میں اقدام اٹھاتے ہوئے بجٹ میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’آتم نربھارت ابھیان‘ کے تحت ہم ہندوستان میں بنائے گئے دفاعی ساز و سامان کو ترجیح دے رہے ہیں اور ایسے۲۰۹؍ دفاعی آلات کی فہرست تیار کی گئی ہے جنہیں ہم ایک خاص وقت کے بعد کسی بھی حالت میں درآمد نہیں کریں گے۔
ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کیلئے حکومت کی مختلف اسکیموں کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے دوست ممالک سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ ان کے مطابق تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ’میک ان انڈیا‘، ’میک فار انڈیا‘ اور ’میک فار ورلڈ‘ کے اصول پر کام کریں تاکہ وہ ہندوستان میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر دفاعی سازو سامان بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک سے صاف صاف کہا گیا ہے کہ ہم جو بھی دفاعی سازو سامان بنائیں گے وہ اپنی سرزمین پر ہی بنائیں گے۔
راج ناتھ سنگھ کہا کہ اس بارے میں امریکہ، روس اور فرانس سے بات چیت ہو چکی ہے۔ ہندوستان کو ان تمام ممالک سے مثبت جواب ملا ہے۔ فرانس کی وزیر دفاع مسز فلورنس پارلے سے جمعہ کو ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ اس بارے میں ان کے ساتھ بھی وسیع پیمانے پر بات چیت ہوئی ہے۔ بات چیت کے دوران فرانس نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ ان کی ایک بڑی کمپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے حصے کے طور پر ہوائی جہاز کے انجن بنانے کیلئے ہندوستان آئے گی، حالانکہ انہوں نے انجن اور طیارے کا نام بتانے سے انکار کردیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جن دفاعی سازو سامان کی درآمدات پر پابندی عائد کی گئی ہے ان کی فہرست ۲۰۹؍ سے بڑھا کر ایک ہزار ساز و سامان کی جائے گی جس کے بعد ان ایک ہزار دفاعی مصنوعات کی درآمد پر مکمل روک ہو گی۔
نجی شعبے کی کمپنیوں سے دفاعی شعبے میں مینوفیکچرنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہم نے وقت بدل دیا ہے، حالات بدلے ہیں، اب جذبات بھی بدل گئے ہیں۔ آج دفاعی شعبے میں کام کرنے والی ہر نجی کمپنی کو یقین ہے کہ اپنا بھی وقت آگیا ہے۔