Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیراعلیٰ کے بابری مسجد سے متعلق بیان پرابوعاصم اعظمی کی تنقید

Updated: March 05, 2021, 11:12 AM IST | Iqbal Ansari | Vidhan Bhavan

سماجوادی پارٹی لیڈر نے کہا:یہ صرف شیوسینا کی نہیں بلکہ کانگریس اور این سی پی کے اتحادسے بنی ہوئی حکومت ہے

Abu Azmi - Pic : MidDay
ابو اعظمی ۔ تصویر : مڈ ڈے

مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے چوتھے روز قانون ساز اسمبلی میں اس وقت ہنگامہ شروع ہو گیا جب سماجوادی پارٹی کےمہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر اعتراض کیا جس میں انہوںنے بابری مسجد کو شہید کرنے پر فخر کا اظہارکیا تھا۔ 
 واضح رہے کہ گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی میں گورنر کی تقریر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نےکہا تھا کہ ’’اب معاملہ ایسا ہو گیا ہے کہ یہ پوچھے جانے پر کہ بابری مسجد کے ڈھانچے کو کس نے منہدم کیا تولوگ کہتے ہیں ہمیں نہیں معلوم اور ہم نے منہدم نہیں کیا۔ لیکن شیو سینا سربراہ نے کہا تھا کہ اگر وہ میرے شیو سینک ہوں گے تواس کا مجھے فخر ہے۔‘‘
 وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر ابو عاصم اعظمی نے کہاکہ ’’اسمبلی میں اب سیاسی تقریر ہونے لگی ہے۔گزشتہ روز بھی سیاسی تقریر ہوئی ہے جس کا مجھے افسوس ہے۔یہ حکومت اکیلے شیو سیناکی نہیں ہے، یہ شیو سینا ، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت ہے  اور کامن منیمم پروگرام پر مبنی  ہے۔ یہاں سیاسی تقریر افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’اس معاملے کو ہم بھول چکے تھے اور ہمارے زخموں کو دوبارہ ہرا نہ کیا جائے۔‘‘
 سپلیمنٹری  ڈیمانڈ پر تقریر کرتے ہوئے  ابو  عاصم نےمزید کہا کہ ’’سپریم کورٹ کے جسٹس گوگوئی جی نےکہاہے کہ ۶؍ دسمبر ۱۹۹۲ء کو بابری مسجدکے ڈھانچے کو شہید کرنا کریمنل ایکٹیویٹی  (مجرمانہ حرکت) ہے۔ اور میرے وزیر اعلیٰ جو کامن منیمم پروگرام کے تحت ہیں وہ  اجلاس میں کہیں کہ مجھے فخرہے، مجھے لگتاہے کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔اس سرکار میں کہیں بھی ہندو مسلم نہیں ہے، کہی بھی مندر مسجد نہیں ہے سرکار سیکولر ہے۔لہٰذا میں تجویز پیش کرنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی چیزیں نہ لائی جائیں۔‘‘
 اس پر شور شرابے کے بعدرکن اسمبلی منگل پربھات لوڈھا نے اعتراض کر تے ہوئے ایوان کی کارروائی سے ابوعاصم اعظمی کے اس بیان کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا جس پر اسپیکر نے کہا کہ ’’جانچ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK